سورة البقرة - آیت 220

فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ ۗ وَيَسْأَلُونَكَ عَنِ الْيَتَامَىٰ ۖ قُلْ إِصْلَاحٌ لَّهُمْ خَيْرٌ ۖ وَإِن تُخَالِطُوهُمْ فَإِخْوَانُكُمْ ۚ وَاللَّهُ يَعْلَمُ الْمُفْسِدَ مِنَ الْمُصْلِحِ ۚ وَلَوْ شَاءَ اللَّهُ لَأَعْنَتَكُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ عَزِيزٌ حَكِيمٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

دنیا و آخرت کے بارے میں غورو فکر کرو اور وہ آپ سے یتیموں کے بارے میں سوال کرتے ہیں آپ بتائیں کہ ان کی خیر خواہی کرنا بہتر ہے۔ ان کا مال اپنے مال میں ملا لو تو وہ تمہارے بھائی ہیں اور اللہ تعالیٰ اصلاح اور بگاڑ کرنے والے کو خوب جانتا ہے اور اگر اللہ چاہتا تو تمہیں مشکل میں ڈال دیتا یقیناً اللہ تعالیٰ غالب حکمت والا ہے

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

اس سے پیشتر یتیموں کے بارے میں دو حکم نازل ہوچکے تھے۔ (۱) یتیموں کے مال کے قریب بھی نہ جا ؤ ۔ (۲)جو لوگ یتیموں کا مال کھاتے ہیں وہ اپنے پیٹ میں آگ بھرتے ہیں جب یہ وعید نازل ہوئی تو صحابہ کرام ڈرگئے اور یتیموں کی ہر چیز الگ کردی۔ حتیٰ کے کھانے پینے کی کوئی چیز بچ جاتی تو اُسے بھی استعمال نہ کرتے اور وہ خراب ہوجاتی اس ڈر سے کہ کہیں ہم بھی اس وعید کے مستحق نہ قرار پاجائیں اس پر یہ آیت نازل ہوئی۔ یتیموں کی بھلائی اور اصلاح: اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یتیموں کی بھلائی اور اصلاح کے لیے تم جو بھی طریقہ اختیار کرسکتے ہو۔ اگر ان کا مال اپنے مال میں ملانا چاہتے ہو تو بھی کوئی حرج نہیں آخر وہ تمہارے ہی بھائی ہیں۔ مال ملا لو یا الگ ركھو۔ ہر صورت درست ہے۔ بشرطیكہ تمہاری اپنی نیت نیکی کی ہو اور مقصود یتیم کی بھلائی ہو۔ اور اگر اللہ چاہتا تو تم پر کئی طرح کی پابندیاں عائد کردیتا اور تم پر سختی کرتا۔ یہ اس کی حکمت اور رحمت ہے کہ اس نے تمہیں ہر طرح کی صورت حال کی اجازت دے دی ہے۔ نبی كریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’یتیم کے سر پر ہاتھ رکھنے والے کے سرکے بالوں کے برابر گناہ جھڑ جائیں گے۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ یتیم کی کفالت کرنے والا اور میں جنت میں یوں ہوں گے جیسے ہاتھ کی یہ دونوں انگلیاں اکٹھی ہیں۔ ‘‘ (مسلم: ۱۳۲۱)