الشَّهْرُ الْحَرَامُ بِالشَّهْرِ الْحَرَامِ وَالْحُرُمَاتُ قِصَاصٌ ۚ فَمَنِ اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ فَاعْتَدُوا عَلَيْهِ بِمِثْلِ مَا اعْتَدَىٰ عَلَيْكُمْ ۚ وَاتَّقُوا اللَّهَ وَاعْلَمُوا أَنَّ اللَّهَ مَعَ الْمُتَّقِينَ
حرمت والے مہینے حرمت والے مہینوں کے بدلے میں ہیں اور سب حرمتیں بدلے کی چیزیں ہیں جو تم پر زیادتی کرے تم بھی اس پر اس جیسی زیادتی کرسکتے ہو جیسی تم پر کی گئی ہے۔ اور اللہ تعالیٰ سے ڈرتے رہو اور جان لو کہ اللہ تعالیٰ پرہیزگاروں کے ساتھ ہے
شان نزول : ابن عباس رضی اللہ عنہما سے مروی ہے كہ یہ آیت صلح حدیبیہ کے وقت نازل ہوئی جب آپ کو عمرے سے روک دیا گیا تھا۔(تفسیر طبری: ۳/ ۵۷۵) ۶ہجری میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چودہ سو صحابہ کو ساتھ لے کر عمرہ کے لیے گئے تھے لیکن کفار مکہ نے انھیں مکہ نہیں داخل ہونے دیا اور طے پایا کہ آئندہ سال مسلمان تین دن کے لیے عمرہ کرنے کی غرض سے مکہ آسکتے ہیں رجب عمرہ کرنے والوں کے لیے مختص اور حرمت والا مہینہ تھا۔ ذی قعد ذی الحجہ اور محرم حج کرنے والوں کے لیے قابل احترام تھے۔ جب دوسرے سال مسلمان حسب معاہدہ عمرہ کے لیے جانے لگے تو اللہ تعالیٰ نے یہ آیات نازل فرمائیں مطلب یہ کہ اگر اس دفعہ بھی کفار مکہ مسلمانوں کو مکہ میں داخل ہونے سے روکیں تو تم بھی اس مہینے کی حرمت كے باوجود کفار سے بھرپور مقابلہ کرو۔ حرمت کا بدلہ حرمت سے: مراد اگر وہ حرمت کا خیال رکھیں تو تم بھی رکھو۔ اور اگر جنگ ہو تو جتنی زیادتی وہ تم پر کریں اتنی ہی تم کر سکتے ہو اس سے زیادہ نہیں اور اس معاملہ میں اللہ سے ڈرتے رہو ۔ اور اللہ پرہیز گاروں کے ساتھ ہے۔