سورة الرعد - آیت 15

وَلِلَّهِ يَسْجُدُ مَن فِي السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ طَوْعًا وَكَرْهًا وَظِلَالُهُم بِالْغُدُوِّ وَالْآصَالِ ۩

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور آسمانوں او زمین میں جو بھی ہے خوشی اور ناخوشی اللہ ہی کو سجدہ کررہا ہے، اور ان کے سائے بھی صبح اور شام سجدہ کرتے ہیں۔“ (١٥)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

عظمت و سلطنت الٰہی: اللہ تعالیٰ اپنی عظمت و سلطنت کا بیان فرما رہا ہے کہ ہر چیز پر اس کا غلبہ ہے اور ہرچیز اس کے ماتحت اور اس کے سامنے سجدہ ریز ہے۔ چاہے مومنوں کی طرح خوشی سے کرے یا مشرکوں کی طرح ناخوشی سے اور ان کے سائے بھی صبح و شام سجدہ کرتے ہیں ارشاد باری تعالیٰ ہے: ﴿اَوَ لَمْ يَرَوْا اِلٰى مَا خَلَقَ اللّٰهُ مِنْ شَيْءٍ يَّتَفَيَّؤُا ظِلٰلُهٗ عَنِ الْيَمِيْنِ وَ الشَّمَآىِٕلِ سُجَّدًا لِّلّٰهِ وَ هُمْ دٰخِرُوْنَ﴾ (النحل: ۴۸) ’’کیا انھوں نے نہیں دیکھا کہ اللہ نے جو چیز بھی پیدا کی ہے ان کے سائے دائیں اور بائیں سے اللہ کو سجدہ کرتے ہوئے ڈھلتے ہیں اور عاجزی کرتے ہیں‘‘ اس سجدے کی کیفیت کیا ہے؟ یہ اللہ تعالیٰ بہتر جانتا ہے۔ دوسرا مفہوم یہ ہے کہ کافر سمیت تمام مخلوق اللہ کے حکم کے تابع ہے۔ کسی میں اس سے سرتابی کی مجال نہیں، اللہ تعالیٰ کسی کو صحت دے، بیمار کرے غنی کر دے یا فقیر بنا دے، زندگی دے یا موت سے ہم کنار کرے ان کے احکام میں کسی کافر کو بھی مجال انکار نہیں۔