قَالَ رَبِّ السِّجْنُ أَحَبُّ إِلَيَّ مِمَّا يَدْعُونَنِي إِلَيْهِ ۖ وَإِلَّا تَصْرِفْ عَنِّي كَيْدَهُنَّ أَصْبُ إِلَيْهِنَّ وَأَكُن مِّنَ الْجَاهِلِينَ
” اس نے کہا اے میرے رب ! مجھے قید خانہ اس سے زیادہ پسند ہے جس کی طرف یہ مجھے دعوت دے رہی ہیں اور اگر تو مجھ سے ان کے فریب کو نہ دور کرے گا تو میں ان کی طرف مائل ہو کر جاہلوں سے ہوجاؤں گا۔“
سیدنا یوسف علیہ السلام کی دعا: حضرت یوسف علیہ السلام نے یہ صورت حال دیکھ کر اللہ سے پناہ طلب کی اور دعا کی کہ یا اللہ مجھے جیل خانہ جانا پسند ہے۔ مگر تو مجھے ان کے بد ارادوں سے محفوظ رکھ، ایسا نہ ہو کہ میں کسی برائی میں پھنس جاؤں، ورنہ مجھ میں اتنی قوت نہیں۔ مجھے اپنے کسی نفع و نقصان کا کوئی اختیار نہیں تیری مدد اور تیرے رحم و کرم کے بغیر میں کسی گناہ سے رک سکوں اور نہ کر سکوں۔ اے باری تعالیٰ میں تجھ سے مدد طلب کرتا ہوں تجھ پر بھروسہ رکھتا ہوں تو مجھے میرے نفس کے حوالے نہ کر دے کہ میں ان عورتوں کی طرف جھک جاؤں او رجاہلوں میں سے ہو جاؤں۔ ’’قیامت کے دن اللہ تعالیٰ ساتھ آدمیوں کو عرش کا سایہ عطا فرمائے گا۔ ان میں سے ایک وہ شخص ہو گا جسے ایک ایسی عورت دعوت گناہ دے جو حسن و جمال میں بھی آراستہ ہو۔ اور جاہ و منصب کی بھی حامل ہے۔ لیکن وہ اسے کے جواب میں یہ کہہ دے کہ میں تو ’’اللہ سے ڈرتا ہوں۔‘‘(صحیح بخاری: ۶۶۰)