سورة ھود - آیت 2

أَلَّا تَعْبُدُوا إِلَّا اللَّهَ ۚ إِنَّنِي لَكُم مِّنْهُ نَذِيرٌ وَبَشِيرٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” کہ اللہ کے سوا کسی کی عبادت نہ کرو، یقیناً میں تمھارے لیے اس کی طرف سے ڈرانے والا اور خوش خبری دینے والاہوں۔“

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

تمام انبیا کی دعوت ایک ہی ہے کہ ایک اللہ کی عبادت کرو۔ اس کے سوا کسی اور کی پرستش نہ کرو۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ اللہ کی مخالفت کی وجہ سے جو عذاب آجاتے ہیں میں تمھیں ان سے ڈرا رہا ہوں، اور اس کی اطاعت کی بنا پر جو توملتے ہیں ان کی میں بشارت سناتا ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے صفا پہاڑی پر چڑھ کر قریش کے خاندانوں کے آواز دی۔ سب سے قریب والے پہلے پھر ترتیب وار جب سب جمع ہو جاتے ہیں تو آپ ان سے دریافت فرماتے ہیں کہ اگر میں تم سے کہوں کہ صبح کوئی لشکر تم پر حملہ کرنے والا ہے۔ تو کیا تم مجھے سچا سمجھو گے؟ انھوں نے جواب دیا کہ ہم نے آج تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی زبان سے کوئی جھوٹ سنا ہی نہیں۔ آپ نے فرمایا سنو میں تم سے کہتا ہوں کہ قیامت کے دن تمھاری ان پر بداعمالیوں کی وجہ سے سخت تر عذاب ہوگا پس تم ہوشیار ہو جاؤ۔ (بخاری: ۴۷۷۰)