سورة یونس - آیت 103

ثُمَّ نُنَجِّي رُسُلَنَا وَالَّذِينَ آمَنُوا ۚ كَذَٰلِكَ حَقًّا عَلَيْنَا نُنجِ الْمُؤْمِنِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” پھر ہم اپنے رسولوں کو نجات دیتے ہیں اور ایمان والوں کو بھی، اسی طرح ہم پر حق ہے کہ ہم مومنوں کو نجات دیں۔“

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

رسولوں پر ایمان لانے والوں کو بچانا اللہ کی ذمہ داری ہے: اللہ تعالیٰ کا ہمیشہ یہ دستور رہا ہے کہ جب کسی مجرم قوم پر اپنے رسول کی تکذیب کی وجہ سے عذاب نازل کرتا ہے۔ تو وحی کے ذریعے سے عذاب کی آمد اور اس سے بچاؤ کی صورت بھی سمجھا دیتا ہے۔ اس طرح رسول پر ایمان لانے والے تو اس عذاب سے بچ جاتے ہیں اور مجرمین ہلاک ہو جاتے ہیں۔ دراصل یہ اہل مکہ کو انتباہ ہے جو مسلمانوں اور پیغمبر اسلام کو اذیتیں پہنچانے میں اپنا ایڑی چوٹی کا زور صرف کر رہے تھے کہ تمھارا بھی وہی حشر ہونے والا ہے جو سابقہ مجرموں کا ہو چکا ہے۔ ان کمزور اور ستم رسیدہ مسلمانوں کو تمھاری چیرہ دستیوں سے بچانا اور انھیں تم پر غالب کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔