سورة الاعراف - آیت 124

لَأُقَطِّعَنَّ أَيْدِيَكُمْ وَأَرْجُلَكُم مِّنْ خِلَافٍ ثُمَّ لَأُصَلِّبَنَّكُمْ أَجْمَعِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

میں ضرور تمہارے ہاتھ پاؤں کاٹوں گا مخالف سمت سے پھر تم سب کو ضرور بری طرح سولی دوں گا۔ (١٢٤)

تسہیل البیان فی تفسیر القرآن - ام عمران شکیلہ بنت میاں فضل حسین

فرعون نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے خلاف کئی چالیں چلیں (1) انھیں جادو گر کے روپ میں لوگوں کے سامنے پیش کیا (2) جادو گر جب مات کھا کر ایمان لے آئے تو اس نے کہا کہ تم پہلے سے حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ ملے ہوئے ہو ۔ (3)اصل باشندوں کو نکال کر اس ملک پر قبضہ کرنا چاہتے ہو۔ (4) تم نے جو فوراََاپنی شکست تسلیم کر لی ہے تو میں اسکی قرار واقعی سزا تمہیں دوں گا، اور میں تمہارا دایاں ہاتھ اور بایاں پاؤں یا اسی طرح دایاں پاؤں اور بایاں ہاتھ کٹوا دوں گا اور پھر یہی نہیں اس طرح بے دست وپاکر کے کھجور کی شاخوں پر لٹکا دوں گا۔