سورة محمد - آیت 20

وَيَقُولُ الَّذِينَ آمَنُوا لَوْلَا نُزِّلَتْ سُورَةٌ ۖ فَإِذَا أُنزِلَتْ سُورَةٌ مُّحْكَمَةٌ وَذُكِرَ فِيهَا الْقِتَالُ ۙ رَأَيْتَ الَّذِينَ فِي قُلُوبِهِم مَّرَضٌ يَنظُرُونَ إِلَيْكَ نَظَرَ الْمَغْشِيِّ عَلَيْهِ مِنَ الْمَوْتِ ۖ فَأَوْلَىٰ لَهُمْ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جو لوگ ایمان لائے ہیں وہ کہتے ہیں کہ کیوں نہیں نازل کی جاتی کوئی سورت۔ جب محکم سورت نازل کردی جاتی ہے۔ جس میں قتال کا ذکر ہوتا ہے۔ تو آپ دیکھیں گے کہ جن کے دلوں میں بیماری ہے وہ آپ کی طرف اس طرح دیکھتے ہیں جس طرح کسی پر موت چھا گئی ہو، ہلاکت ہے ان کے لیے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٥) نفاق کا ہمیشہ یہ شیوہ رہا ہے کہ وہ مشکل اوقات میں اطاعت سے پہلوتہی کے لیے بہانے تلاش کرنے لگ جاتا ہے اور اپنی جان ومال کے لیے کوئی خطرہ مول لینے کے لیے تیار نہیں ہوتا، اس طرح نمائشی اسلام کالبادہ اتار کرپھینک دیتا ہے اور الٹا موقع پاکر ظلم وفساد اور برادرکشی پر اترآتا ہے یہی حال نبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کے دور میں منافقین کا تھا اسی لیے آیت ٣٢ میں برملا چیلنچ کردیا کہ منافقین اور یہود جونبی (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کی صداقت کے ظاہر ہوجانے کے باوجود ضد وعداوت سے آپ کی مخالفت کررہے ہیں وہ اپنی مکاریوں اور چالبازیوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے بلکہ یہ ذلیل ہوں گے اور کیے پر پچھتائیں گے۔