سورة سبأ - آیت 31

وَقَالَ الَّذِينَ كَفَرُوا لَن نُّؤْمِنَ بِهَٰذَا الْقُرْآنِ وَلَا بِالَّذِي بَيْنَ يَدَيْهِ ۗ وَلَوْ تَرَىٰ إِذِ الظَّالِمُونَ مَوْقُوفُونَ عِندَ رَبِّهِمْ يَرْجِعُ بَعْضُهُمْ إِلَىٰ بَعْضٍ الْقَوْلَ يَقُولُ الَّذِينَ اسْتُضْعِفُوا لِلَّذِينَ اسْتَكْبَرُوا لَوْلَا أَنتُمْ لَكُنَّا مُؤْمِنِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

کافر کہتے ہیں کہ ہم اس قرآن کو ہرگز نہیں مانیں گے اور نہ اس سے پہلے آئی ہوئی کسی کتاب کو تسلیم کریں گے کاش تم ان کا حال اس وقت دیکھو جب ظالم اپنے رب کے حضور کھڑے ہوں گے تو اس وقت ایک دوسرے پر الزام لگائیں گے جو لوگ دنیا میں کمزور تھے وہ بڑوں سے کہیں گے کہ اگر تم نہ ہوتے تو ہم مومن ہوتے۔

تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد

(٩) پیروان باطل کی پیروی کرنے کا حسرت انگیر نتیجہ جوان بدقسمت پیرووں کے حصہ میں آئے گا آیت نمبر ٣١، تا ٣٣ سے ظاہر ہے اللہ کے حضور پہنچ کر جماعتوں کے کمزور افراد اپنے سرداروں اور لیڈروں پر الزام دیں گے کہ انہوں نے ہمیں گمراہ کیا۔ مگر لیڈر کہیں گے نہیں بلکہ یہ تمہاری اپنی اختیار کردہ گمراہی تھی ورنہ ہم کون تھے جو تمہیں گمراہ کرتے۔