سورة الإسراء - آیت 6
ثُمَّ رَدَدْنَا لَكُمُ الْكَرَّةَ عَلَيْهِمْ وَأَمْدَدْنَاكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَجَعَلْنَاكُمْ أَكْثَرَ نَفِيرًا
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
” پھر ہم نے تمھیں دوبارہ ان پر غلبہ دیا اور تمھیں اموال اور بیٹوں سے مدد دی اور تمھیں تعداد میں زیادہ کردیا۔“
تفسیر ترجمان القرآن - مولانا ابوالکلام آزاد
آیت (٦) میں اسی عہد کی طرف اشارہ کیا ہے۔ فرمایا اگر تم نے اچھے کام کیے تھے تو اپنے ہی لیے کیے تھے۔ یعنی اس کے نتائج تمہارے ہی حصہ میں آئے اور بدعملیاں کی تھیں تو وہ بھی اپنے ہی لیے کی تھیں۔ اس کی پاداش بھی تمہارے ہی حصہ میں آئی۔ چنانچہ جب اسیا ہوا کہ اس دوسری مہلت کی بھی تم نے قدر نہ کی اور اپنی توبہ وا نابت کے وہ تمام عہد بھلا دیے جو بابل کی اسیری کے زمانہ میں کیے تھے تو پھر دوسری ہلاکت کا وقت نمودار ہوگیا یعنی رومی حملہ کا۔ یہ بنی اسرائیل کی آخری ہلاکت تھی۔ اس کے بعد پھر نہ سنبھل سکے۔