وَاسْتَعِينُوا بِالصَّبْرِ وَالصَّلَاةِ ۚ وَإِنَّهَا لَكَبِيرَةٌ إِلَّا عَلَى الْخَاشِعِينَ
صبر اور نماز کے ساتھ مدد طلب کرو۔ یہ بات عاجزی کرنے والوں کے سوا دوسروں کے لیے بہت مشکل ہے
(ف ٣) ان آیات میں کشاکشہائے دنیا کا علاج بیان فرمایا ہے ، یعنی جب تم گھبرا جاؤ یا کسی مصیبت میں مبتلا ہوجاؤ تو پھر صبر کے فلسفے پر عمل کرو ۔ (آیت) ” وبشرالصابرین “۔ اور عقل وتوازن کو نہ کھو بیٹھو ، تاکہ مشکلات کا صحیح حل تلاش کیا جا سکے ، وہ جو مصیبت کے وقت اپنے آپے میں نہیں رہتے ، کبھی کامیاب انسان کی زندگی نہیں بسر کرسکتے قرآن حکیم چونکہ ہمارے نوع کے اضطراب کا علاج ہے ‘ اس لئے وہ ہمیں نہایت حکیمانہ مشورہ دیتا ہے جس سے یقینا ہمارے مصائب کا بوجھ ہلکا ہوجاتا ہے ، پھر دوسری چیز جو ضروری ہے وہ نماز ودعا ہے ، (آیت) ” الا بذکر اللہ تطمئن القلوب “۔ اس وقت جب دنیا کے امانت کے سب دروازے بند ہوجائیں ، جب لوگ سب کے سب ہمیں بالکل مایوس کردیں ، اللہ کی بارگاہ رحمت میں آجانے سے دل کو تسکین ہوجاتی ہے ، حدیث میں آتا ہے حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو جب کوئی مشکل پیش آجاتی تو آپ نماز کے لئے کھڑے ہوجاتے ، امام المفسرین حضرت ابن عباس (رض) کا واقعہ ہے ، وہ سفر میں تھے کسی نے آکر آپ کو آپ کے لخت جگر کے انتقال کی خبر سنائی ، وہ سواری سے اترے اور جناب باری کے عتبہ وجلال وجبروت پر جھک گئے ، حل لغات : زکوۃ ، اصلی معنی نشونما کے ہیں ، چونکہ اس نظام شرعی سے مال و دولت میں برکات نازل ہوتی ہیں اس لئے اس کا نام زکوۃ ہے ۔ البر : نیکی ، حسن سلوک ، شریعت کی اطاعت ، تنسون ، مادہ نسیان ، بھول جانا ، تتلون : پڑھتے ہو ، مادہ تلاوۃ ، الخشعین : خدا سے ڈرنے والے عاجز ومنکسر بندے ۔