سَوَاءٌ عَلَيْهِمْ أَسْتَغْفَرْتَ لَهُمْ أَمْ لَمْ تَسْتَغْفِرْ لَهُمْ لَن يَغْفِرَ اللَّهُ لَهُمْ ۚ إِنَّ اللَّهَ لَا يَهْدِي الْقَوْمَ الْفَاسِقِينَ
اے نبی آپ ان کے لیے مغفرت کی دعا کریں یا نہ کریں ان کے لیے برابر ہے، اللہ انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گا، یقیناً اللہ فاسق لوگوں کو ہدایت نہیں دیتا۔
(ف 1) منافقین کی بدبختی اور شقاوت کی حدیہ ہے کہ جب ان سے کہا جاتا ہے کہ کم بختو ! حضور (ﷺ) طبیعت کے بہت نرم ہیں اور دل سے چاہتے ہیں کہ تم لوگ تائب ہوجاؤاور زمرۃ منافقین سے نکل آؤوہ تمہارے لئے بخشش کی دعا کرینگے تم آؤ اور دربار نبوی سے نجات کا پروانہ حاصل کرلو ۔ مگر یہ لوگ بکمال تمردی اور نخوت منہ پھیر کر اعراض کرتے ہیں ۔ فرمایا کہ اللہ کا فیصلہ یہ ہے کہ یہ لوگ جب تک منافق رہیں گے ان کی بخشش نہیں ہوسکتی ۔ آپ کا بخشش کا مانگنا یا نہ مانگنا برابر ہے کیونکہ ان کے دلوں میں فسق وفجور کی خباثت موجود ہونے کی وجہ سے ان کو علام الغیوب خدا نے حضور (ﷺ) رحمتہ للعالمین کو ان کے ایمان لانے سے ناامید کیا ہے ۔