سورة الطور - آیت 16

اصْلَوْهَا فَاصْبِرُوا أَوْ لَا تَصْبِرُوا سَوَاءٌ عَلَيْكُمْ ۖ إِنَّمَا تُجْزَوْنَ مَا كُنتُمْ تَعْمَلُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جاؤ اس میں جلتے رہو تم صبر کرو یا نہ کرو تمہارے لیے یکساں ہے، تمہیں تمہارے اعمال کی جزا دی جا رہی ہے۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

اہل دوزخ (ف 1) خَوْضٍ کا لفظ قرآن حکیم میں عموماً برے معنوں میں استعمال ہوا ہے ۔ اس سے مقصودکفر والحاد میں شغف اور انہماک ہے برائی اور معصیت سے لگاؤ ہے ۔ اور فسق وفجور سے محبت ہے ۔ غرض یہ ہے کہ یہ لوگ قیامت کے دن بہت برے عذاب میں گرفتار ہوں گے ۔ دنیا میں تو غفلت کے پردے ان کی آنکھوں پر پڑے تھے اور یہ لوگ سوچنے اور غور وفکر کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہ کرتے تھے اور سوچتے بھی تھے تو یہ کہ کس طرح اس آفتاب نبوت کی روشنی سے لوگوں کو محروم رکھا جاسکتا ہے ۔ مگر اب دونوں آنکھیں کھلیں گی بصیرت کی بھی اور بصارت کی بھی ۔ یہاں یہ دیکھیں گے کہ فرشتے پکڑ پکڑ کر ان کو دوزخ کی طرف لے جارہے ہیں اور کہہ رہے ہیں دیکھ لیجئے یہی وہ دوزخ ہے جس کی تم تکذیب کرتے تھے اور جس کے متعلق تمہارا یہ خیال تھا کہ یہ محض ڈھکو سلا ہے۔ کہاں کی آگ اور کہاں کا عذاب خوب اچھی طرح دیکھ لو کہیں جادو کی کرشمہ سازی تو نہیں کوئی شعبدہ بازی تو نہیں ہے ۔ اگر یہ واقعہ ہے کہ خلاف توقع تمہیں جہنم میں پھینک دیا گیا ہے تو پھر اب اس کو برداشت کرو یانہ کرو چارو لاچار رہنا پڑیگا ۔ کیونکہ تمہارے اعمال اسی جگہ کے مقتضی ہیں ۔ یہ اللہ کا مقام غضب ہے یہاں وہ لوگ رہتے ہیں جنہوں نے دنیا میں اس کے احکام سے لاپروائی کی ہے ۔ اور ادنی ترین آسائیشوں کی خاطر ہمیشہ کے عیش اور جسم وروح کی بالیدگی کو چھوڑ کر ترک کیا ہے ۔ جنہوں نے وہاں کبروغرور کا مظاہرہ کیا ہے اور صداقت کو محض اس لئے تسلیم نہیں کیا کہ اس کو پیش کرنے والا ایک انہیں میں سے انسان ہے ۔ محض اس لئے ایمان کی دولت سے محروم رہے کہ اس کو لٹانے والا دنیوی اعزازات کا حامل نہیں ہے اور اللہ کو چھوڑ کر انہوں نے دوسرے آستانوں پر اپنے سر کو جھکایا ہے خود اپنی توہین کے مرتکب ہوئے اور باری تعالیٰ کی جناب میں بھی گستاخی کا اظہار کیا ہے ۔