سورة ق - آیت 10

وَالنَّخْلَ بَاسِقَاتٍ لَّهَا طَلْعٌ نَّضِيدٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جن پر پھلوں سے لدے ہوئے خوشے تہہ بہ تہہ لگتے ہیں۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

بارش کی برکتیں (ف 1) بارش کی برکات کا تذکرہ کیا ہے کہ یہ کس قدر خیروبرکت کا موجب ہوتی ہے ۔ اس کی وجہ سے باغات نشونما پاتے ہیں ۔ اناج اگتا ہے ۔ اور لمبی لمبی کھجوریں پیدا ہوتی ہیں ۔ جن کے خوشے خوب گتھے ہوئے ہوتے ہیں اور یہ سب اس لئے ہے کہ اللہ کے بندے اپنے لئے رزق اور قوت کا سامان مہیا کریں ۔ پھر ایسا بھی ہوتا ہے کہ دیہات کے دیہات بارش نہ ہونے کی وجہ سے خشک اور بےآب ہوجاتے ہیں ۔ اور جب ابررحمت کے چند چھینٹے پڑجاتے ہیں تو ان میں تروتازی عود کر آتی ہے ۔ گویا وہ دوبارہ زندگی حاصل کرلیتے ہیں ۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ جو لوگ حشر اجساد کے منکر ہیں اور جن کی سمجھ میں یہ حقیقت نہیں آتی کہ کیونکر عالم انسانی موت کے بعد زندگی کی کیفیتوں سے لذت اندوز ہوسکے گا ۔ وہ اس واقعہ پر غور کریں کہ بارش کے چند قطرے کیونکر زمین کے سینہ سے زندگی کو نکال کرگل وریحان سے بدل دیتے ہیں ؟ جب یہ ممکن ہے اور ممکن ہی نہیں ۔ مشاہدہ ہے کہ روزانہ ہم عدم کو وجود میں تبدیل ہوتے دیکھتے ہیں ۔ تو پھر استحالہ کیسا ؟ اسی طرح اللہ کی قدرت سے قیامت کے دن مردے جی اٹھیں گے اور اس کے حضور میں پیش ہوں گے ۔ حل لغات: بَاسِقَاتٍ۔ بلند اور بارآور۔ نَضِيدٌ۔ خوب گھومتا ہوا۔