وَالَّذِي قَالَ لِوَالِدَيْهِ أُفٍّ لَّكُمَا أَتَعِدَانِنِي أَنْ أُخْرَجَ وَقَدْ خَلَتِ الْقُرُونُ مِن قَبْلِي وَهُمَا يَسْتَغِيثَانِ اللَّهَ وَيْلَكَ آمِنْ إِنَّ وَعْدَ اللَّهِ حَقٌّ فَيَقُولُ مَا هَٰذَا إِلَّا أَسَاطِيرُ الْأَوَّلِينَ
اور جس شخص نے اپنے والدین سے کہا تم پر افسوس ہے کہ تم مجھے ڈراتے ہو کہ میں مرنے کے بعد زندہ کیا جاؤں گا؟ حالانکہ مجھ سے پہلے بہت سی امتیں گزر چکی ہیں اس کے ماں، باپ اللہ سے فریاد کرتے ہیں اور اسے کہتے ہیں کہ تجھ پر افسوس۔ ایمان لے آؤبے شک اللہ کا وعدہ سچا ہے، وہ کہتا ہے یہ سب پہلے لوگوں کی کہانیاں ہیں۔
بد بخت بیٹا (ف 1) اس سے قبل کی آیتوں میں ماں باپ کی خدمت کی اہمیت پر زور دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کے ساتھ بیش از بیش حسن سلوک روا رکھنا چاہیے ۔ کیونکہ یہ اپنے جذبات شفقت وحمیت میں ربوبیت کبریٰ کا مظہر ہیں ۔ ان آیتوں میں اس بدبخت اور نالائق لڑکے کا ذکر ہے جس کے والدین ایمان کی دولت سے بہرہ مندہ ہوں ۔ اور اس کو بھی دعوت دیتے ہوں کہ وہ بھی اپنے دامن کو اللہ کے ان انعامات سے بھرلے ۔ اور وہ بجائے اس نیک مشورہ کو قبول کرنے کے تمسخر کے ساتھ ان کی اس پاک خواہش کو ٹھکرادے ۔ اور کہہ دے کہ میں تو حشر ونشر کے نظام کو ماننے کے لئے تیار نہیں ہوں ۔ میرے نزدیک تو یہ محض افسانہ ہے ۔ جس کو پہلے لوگوں نے وضع کررکھا ہے ۔ فرمایا ایسے ناعاقبت اندیش گھاٹے اور خسارے میں رہیں گے ۔ ان کے باب میں اللہ کا فیصلہ پورا ہوچکا ہے ۔ اور طے شدہ ہے جس میں کوئی تبدیلی اور ترمیم نہیں ہوسکے گی ۔ یہ واضح رہے کہ بعض لوگوں نے آیات کو حضرت عبدالرحمن بن ابی بکر پر محمول کیا ہے کہ اولاً انہوں نے اسلام کی دعوت کو تسلیم نہیں کیا تھا اور اسی لئے امیر معاویہ نے جب یزید کو اپنا نائب مقرر کیا تو عبدالرحمن نے کہا کہ کیا تم اسلام میں ہر قلیت کی ابتدا کرنا چاہتے ہو ۔ تو اس پر امیر معاویہ نے جواب دیا کہ تم وہی ہو جن کے متعلق یہ آیتیں نازل ہوئی ہیں ۔ سو یہ غلط بات ہے حضرت عائشہ (رض) تک جب یہ واقعہ پہنچا تو آپ نے اس کی تردید فرمائی اور کہا کہ آل ابی بکر کے متعلق سوائے سورۃ نور کی آیات کے اور کوئی آیت نازل نہیں ہوئی ۔ خود سیاق یہ بتارہا ہے کہ کسی متعین شخص کا ذکر نہیں ہے ۔ یہ تو ایسا نافرمان اور ناہنجار شخص ہے جس کے حق میں فیصلہ ہوچکا ہے کہ وہ جہنم میں جائے گا ۔ حل لغات : أَسَاطِيرُ الْأَوَّلِينَ۔ پہلوں کی کہانیاں ۔ اسطورہ کی جمع ہے ۔