وَلَقَدْ آتَيْنَا بَنِي إِسْرَائِيلَ الْكِتَابَ وَالْحُكْمَ وَالنُّبُوَّةَ وَرَزَقْنَاهُم مِّنَ الطَّيِّبَاتِ وَفَضَّلْنَاهُمْ عَلَى الْعَالَمِينَ
اس سے پہلے بنی اسرائیل کو ہم نے کتاب اور حکم اور نبوت عطا کی اور ہم نے انہیں طیب رزق سے نوازا اور دنیا بھر کے لوگوں پر انہیں فضیلت عطا فرمائی۔
بنی اسرائیل پر انعامات (ف 1) اللہ تعالیٰ نے بنی اسرائیل کو ہر طرح کی نعمتوں سے مشرف فرمایا تھا ۔ انہیں تورات دی ۔ خاص لقمہ اور فصیل خصومات کی قابلیت بخشی ۔ اور نبوت کے فیض عمومی کو ان میں جمادی رکھا ۔ فراعنہ کے مال ودولت کا ان کو وارث بنایا ۔ اور من وسلویٰ ایسی لطیف چیزیں بلا محنت اور بغیر طلب کے ان کو دیں ۔ اور اس زمانے کے لوگوں پر ان کو فضیلت دی ۔ اور پھر اصل دین اور نفس شریعت سے ان کو آگاہ کیا ۔ ان کو بتایا کہ جہاں یہ صداقتیں پائی جائیں تم تسلیم کرو اور بغیر ادنی تامل اور جھجک کے اللہ کے پیغام کے سامنے جھک جاؤ۔ مگر ہوا یہ کو جب حضور (ﷺ) تشریف لائے اور آپ نے شریعت موسیٰ کی تکمیل کی اور ہمیشہ ہمیشہ کے لئے نبوت کے دروازوں کو بند کردیا ۔ اور فرمایا کہ میں وہی روح لے کر آیا ہوں جو سابقاً قوموں اور ملتوں کے لئے باعث حیات ثابت ہوئی ۔ میرے پاس وہی قانون اور فقہ ہے جو صحف انبیاء میں مذکور ہے ۔ مگر آخری تفصیلات کے ساتھ ، تم لوگ اللہ کے انداز بیان سے واقف ہو ۔ اس لئے تمہارا فرض ہے کہ مجھ پر ایمان لانے میں سبقت کرو ۔ اور اپنی پاک نفسی اور مذہب شناسی کا ثبوت دو اور اللہ کی نعمتوں کا عملاً شکرادا کرو ۔ تو انہوں نے محض اس جلن اور حسد میں کہ حضور (ﷺ) نے یہ باتیں کیوں کہی ہیں انکار کردیا ۔ وہ سمجھتے تھے کہ نبوت محض بنی اسرائیل سے مختص ہے ۔ اور بنی اسمٰعیل کو یہ استحقاق نہیں ہے کہ وہ اس منصب جلیل کے عامل ہوسکیں ۔ فرمایا کہ اللہ تعالیٰ ان کو قیامت کے دن بتائیں گے کہ تمہارے مزعومات غلط تھے اور اسلام ہی ایک ایسا مذہب تھا جس کے ماننے والے آج میرے انعامات کے وارث ہیں ۔ حل لغات : الْحُكْمَ۔ حکمت ۔ علم ۔ معاملات میں قطع عداوت کا سلیقہ۔