لَا إِلَٰهَ إِلَّا هُوَ يُحْيِي وَيُمِيتُ ۖ رَبُّكُمْ وَرَبُّ آبَائِكُمُ الْأَوَّلِينَ
کوئی معبود اس کے سوا نہیں ہے وہی زندگی عطا کرتا ہے اور وہی موت دیتا ہے۔ تمہارا رب اور تمہارے ان آبا کا رب جو پہلے گزر چکے ہیں۔
(ف 1) قرآن کا استدلال توحید کے متعلق یوں ہے کہ وہ خدا جو احیاواماتت پر قادر ہے جو زندگی کو موت سے بدل سکتا ہے ، اور موت کو زندگی کا لباس پہنا دیتا ہے ۔ وہی عبادت اور پرستش کے لائق ہے اور اسی کو تمہارے آباء علم پوجتے تھے ۔ آج تم کو جو اس کی ذات کے متعلق شکوک وشبہات ہیں تو وہ محض جہالت پر مبنی ہیں ۔ ورنہ یہ ایک ایسی حقیقت ہے (جس کا) انکار ممکن ہی نہیں ۔ مادہ پرستوں کے پاس اس عقدہ کا جواب کوئی نہ تھا کہ عالم میں زندگی کہاں سے آئی کیونکہ فی نفسہٖ اس چیز میں حیات کے کہیں عناصر نہیں ہیں ۔ یہ اپنے ہر مظہر میں اور اپنی ہر شکل میں بےجان ہے ۔ قرآن حکیم کہتا ہے کہ اگر اس مشکل کو حل کرنا چاہتے ہو تو اس نظریہ کو تسلیم کرلو کہ اس کارگاہ مادی کے پس پردہ ایک روح جلیل کار فرما ہے ۔ جس کے علم اور حکمت کی وجہ سے یہ نظام برقرار ہے ۔ چنانچہ آج مادئیں نے بالآخر اس نظریہ کو مان لیا ہے کہ مادہ میں جو شعور وادراک ترتیب اور تعین ہے یہ ایک غیر مفہوم قوت کی طرف سے ہے جو یحی اور یمیت کی مصداق ہے ۔ جس پر ہم ایمان رکھتے ہیں ۔ مگر یہ نہیں معلوم کہ وہ کیا ہے ۔