سورة يس - آیت 81
أَوَلَيْسَ الَّذِي خَلَقَ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضَ بِقَادِرٍ عَلَىٰ أَن يَخْلُقَ مِثْلَهُم ۚ بَلَىٰ وَهُوَ الْخَلَّاقُ الْعَلِيمُ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
کیا جس نے آسمانوں اور زمین کو پیدا کیا ہے وہ اسے دوبارہ پیدا کرنے پر قادر نہیں ہے۔ کہ ان جیسوں کو پیدا کرسکے۔ کیوں نہیں وہ تو سب کچھ جاننے والا اور خلّاق ہے۔
تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی
(ف 2) یعنی جہاں تک اللہ تعالیٰ کی قدرتوں اور وسعتوں کا تعلق ہے ہم کہہ سکتے ہیں کہ وہاں عدم امکان یا استحاز کا کوئی سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ وہ کسی چیز کا منصہ شہود پر لانے کے لئے ذرائع اور وسائل کا محتاج نہیں ۔ وہ جب چاہے بیک جنبش اعادہ ہزاروں عوالم امکان پیدا کردے ۔ کیونکہ وہ قادر مطلق ہے ۔ اور ہر چیز پر اس کو پورا اختیار اور قابو حاصل ہے ۔ حل لغات : مَلَكُوتُ۔ پوری پوری بادشاہت ۔