وَقَرْنَ فِي بُيُوتِكُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاهِلِيَّةِ الْأُولَىٰ ۖ وَأَقِمْنَ الصَّلَاةَ وَآتِينَ الزَّكَاةَ وَأَطِعْنَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ ۚ إِنَّمَا يُرِيدُ اللَّهُ لِيُذْهِبَ عَنكُمُ الرِّجْسَ أَهْلَ الْبَيْتِ وَيُطَهِّرَكُمْ تَطْهِيرًا
اپنے گھروں میں ٹھہری رہو اور دور جاہلیت کی طرح سج دھج نہ دکھاتی پھرو۔ نماز قائم کرو، زکوٰۃ دو اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرو ” اللہ“ چاہتا ہے کہ نبی کے گھر والوں سےہر قسم کی غلاظت کو دور کرے اور تمہیں پوری طرح پاک کر دے۔
(ف 1)اسلامی نقطہ نگاہ سے عورتوں اور مردوں کی تگ ودو کے لئے دو الگ الگ دائرے ہیں ۔ مردوں کے لئے گھر سے باہر کی دنیا میں دلچسپی ہے ۔ اور عورتوں کے لئے انتظام خانہ داری کے مسائل ہیں ۔ مرد اس لئے پیدا کیا گیا ہے کہ وہ مدنیت صالحہ کے لئے بہترین ثقافت کی تعمیر کرے ۔ اور عورت اس لئے پیدا کی گئی ہے کہ وہ اپنی آغوش میں ایسے بچوں کی تربیت کرے جو آئندہ نسل کے لئے فخر ومباہات کا باعث ہوسکیں ۔ دونوں کے لئے بالکل جدا جدا میدان عمل موجود ہیں اور یہ وہ نظریہ ہے جس کو یورپ نے بالآخر ہز ار خرابی کے بعد تسلیم کرلیا ہے ۔ اور جس پر تمام نوع انسانی کی سعادتوں کا مدار ہے ۔ قرآن حکیم فرماتا ہے ۔ اے عورتو ! تم اپنے گھروں میں وقار وحشمت کے ساتھ جمی بیٹھی رہو ۔ اور اپنی دوڑ ودھوپ کو صرف تدبیر منزل کے مسائل کو سلجھانے کے لئے وقف کردو ۔ تمہاری جگہ دفتروں اور ایوانوں میں نہیں ہے ۔ تم اپنے گھروں کی رونق اور روشنی ہو آرائش محفل غیر ہونے سے تم سعادت انسانی کو ختم کردوگی اور خود اپنی نسائی خصوصیات کھودوگی ﴿وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاهِلِيَّةِ الْأُولَى ﴾سے مراد یہ ہے کہ ضروریات مدنیہ کے لئے حرکت کرنا ممنوع نہیں ہے ۔ تم گھروں میں محصور نہیں ہو کہ ابداً ابداً گھروں سے قدم باہر نہ رکھ سکو ۔ بلکہ تمہاری توجہات کا نصب العین گھر کی زینت وآرائش ہونا چاہیے ۔ اور جب گھروں سے باہر نکلو تو حسن وجمال کے تیروکمان سے مسلح ہوکر نہ نکلو ۔ اور جاہلیت اولیٰ کی طرح عریانی کا مظاہرہ نہ کرو ۔ بلکہ اسلامی آداب کو ہمیشہ ملحوظ رکھو آیت تطہیر میں یہ بات ملحوظ رہے کہ اولاً اور اصالتاً صرف ازواج مطہرات مراد ہیں ۔ اور دوسرے لوگ اس میں محض ثانوی طور پر ہیں کیونکہ سیاق کا یہی تقاضہ ہے کہ خود لفظ اہل بیت کا پہلا استعمال ہمیشہ بیوی کے لئے ہوتا ہے اور دوسروں کو بالطبع اس میں شامل کرلیا جاتا ہے ۔ حل لغات : الرِّجْسَ۔ اخلاقی معائب۔ وَقَرْنَ۔ گھروں میں ٹکی رہو ۔ وقار کے ساتھ رہو ۔