سورة العنكبوت - آیت 49

بَلْ هُوَ آيَاتٌ بَيِّنَاتٌ فِي صُدُورِ الَّذِينَ أُوتُوا الْعِلْمَ ۚ وَمَا يَجْحَدُ بِآيَاتِنَا إِلَّا الظَّالِمُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

یہ تو روشن دلائل ہیں۔ ان لوگوں کے دلوں کے لیے جنہیں علم دیا گیا ہے اور ہماری آیات کا انکار صرف ظالم ہی کیا کرتے ہیں۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

قرآن محفوظ ہے (ف 3) اس آیت میں قرآن کی اس فضیلت کا اظہارہے کہ یہ کتاب گذشتہ کتابوں کی طرح ضائع نہ ہوگی ۔ اور کسی طرح کی تحریف اور تبدیلی اس میں نہیں ہوسکے گی ۔ کیونکہ اس کی حفاظت صرف کاغذ اور روشنائی قلم پر موقوف نہیں ۔ بلکہ یہ سفینوں کے ساتھ بےانتہا انسانوں کے سینوں میں موجود رہینگی ۔ چنانچہ آج تمام دنیا کی مذہبی کتابوں میں یہ درجہ صرف قرآن مجید کو حاصل ہے کہ اس کا لفظ لفظ اہل علم کے حافظے میں مرتسم ہے یہ ہوسکتا ہے کہ مذاہب پر ایسی آفت آئے کہ اس کا سارا ذخیرہ دینی تلف ہوجائے ۔ مگر یہ ناممکن ہے کہ قیامت تک قرآن کو کسی نوع کا صدمہ پہنچ سکے ۔ جب تک ایک حافظ قرآن بھی زندہ ہے ۔ اس وقت تک اسلام کی تعلیمات زندہ ہیں غور فرمائیے ۔ آج ویدوں کے محققین بر ملا کہہ رہے ہیں کہ ان کے مشن میں مخالفین نے بہت کچھ گھٹا بڑھا دیا ہے ۔ تورات مدت ہوئی کہ یہودیوں کی چیرہ دستیوں کی وجہ سے ناپید ہے اور انجیل کا تو دوسری صدی عیسوی تک نو ادر روزگار میں شمار ہوچکا تھا ۔ اور اصل نسخہ مفقود تھا ۔ تیسری صدی میں تو جعلی انجیلوں کی یہ کثرت تھی کہ جامعین کو نسخوں کے مقابلہ کرنے میں سخت مشکلات پیش آئیں ۔ اور ان کو اعتراف کرنا پڑا کہ کوئی نسخہ قابل اعتماد نہیں مگر قرآن کو دیکھئے کہ لیل ونہار کی ہزاروں گردشوں کے بعد بھی اسی شکل میں اس کو حضور نے پیش کیا تھا ۔ اس وقت تک ایک حرف بلکہ ایک زیر یا زبر کا بھی فرق نہیں ہوا ۔ اسی وجہ سے آج بھی مخالفین یہ کہنے پر مجبور ہیں کہ قرآن یقینا ہر قسم کی تحریفات سے پاک ہے ۔ حل لغات : يَجْحَدُ:جحد سے ہے بمعنی انکار ۔