سورة طه - آیت 129

وَلَوْلَا كَلِمَةٌ سَبَقَتْ مِن رَّبِّكَ لَكَانَ لِزَامًا وَأَجَلٌ مُّسَمًّى

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اگر تیرے رب کی طرف سے پہلے ایک بات طے نہ کردی گئی ہوتی اور مہلت کی ایک مدت مقرر نہ کی جاچکی ہوتی تو ضرور ان کا بھی فیصلہ چکا دیا جاتا۔“ (١٢٩)

تفسیر سراج البیان - مولانا حنیف ندوی

(ف ١) قریش مکہ کی سرکشیاں جب حد سے بڑھ گئیں اور وہ حضور (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کو ناقابل برداشت ایذائیں پہنچانے لگے ، تو اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ تمہیں اپنی عزت وجاہ پر مغرور نہ ہونا چاہئے ، اور محض اس لئے نازاں نہ ہونا چاہئے ، کہ تمہارے پاس قوت ودولت کے فراواں خزانے ہیں ، تم سے پہلے گذشتہ قوموں نے بھی اللہ کی نافرمانی کی اور کبر وغرور سے اس کے پیغام کو ٹھکرا دیا ، اور اپنی مادی قوتوں پر بھروسہ کیا ، مگر جب اللہ تعالیٰ کے عذاب سے دوچار ہوئے تو بالکل فنا کردیئے گئے اور ان کا نشان تک باقی نہ رہا ۔ ارشاد ہوتا ہے ، کہ اللہ کی ڈھیل سے ناجائز فائدہ نہ اٹھاؤ ، اس نے اگر تم کو بعض مصالح کی بنا پر ہلاک نہیں کیا تو یہ نہ سمجھو ، کہ وہ تم سے خوش ہے ، اس کے عذاب کا ایک وقت مقرر ہوتا ہے جب کسی قوم کے گناہوں کا پیمانہ لبریز ہوتا ہے تو اس وقت خدائے تعالیٰ عذاب بھیجتا ہے ، بہرحال عذاب سے قبل اصلاح وتوبہ کی پوری مہلت دیتا ہے ۔ حل لغات : تنسی : یعنی تجھ سے بالکل بےاعتنائی کا معاملہ کیا جائے گا ، یہ بطور تشبیہ کے ہے یعنی جس طرح کوئی بھول جاتا ہے اسی طرح تم کو فراموش کردیا جائے گا ، لزاما : لزوم سے ہے یعنی حتمی اور یقینی عذاب ۔