سورة مريم - آیت 69

ثُمَّ لَنَنزِعَنَّ مِن كُلِّ شِيعَةٍ أَيُّهُمْ أَشَدُّ عَلَى الرَّحْمَٰنِ عِتِيًّا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

پھر ہر گروہ سے ہر اس شخص کو الگ کرلیں گے جو رحمان کے مقابلے میں زیادہ سرکش بنا ہوا تھا۔

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

حشر کا ثبوت اور لفظ ورود کی تشریح : (ف1) اس سے قبل کی آیت میں عبادت واستقلال کی تلقین کی گئی تھی اس میں اس شبہ کا ذکر ہے جو منکرین کے دل میں پیدا ہوتا ہے ، اور جس کی وجہ سے وہ اللہ کی عبادت سے روگردان رہتے ہیں ، وہ شبہ یہ ہے کہ مرنے کے بعد کیونکر ہم دوبارہ جی اٹھیں گے ، اور یہ کسی طرح ممکن ہے ، کہ بوسیدہ ہڈیاں پھر سے لحم وشحم کی حامل ہوجائیں ، اور رگوں میں زندگی کا خون دوڑنے لگے اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں تم اپنی پیدائش پر غور کرو کیا اس سے پہلے تمہارا کہیں وجود تھا آج تم کبر وغرور کی وجہ سے اللہ کے سامنے سر نیاز نہیں جھکاتے ہو مگر کیا اسی خدا نے تمہیں خلعت وجود نہیں بخشا ؟ سمجھو اور یقین کرو ، کہ جس نے تمہیں پہلی دفعہ پیدا کیا ہے ، وہ دوبارہ زندہ کرسکے گا ، ﴿قُلْ يُحْيِيهَا الَّذِي أَنْشَأَهَا أَوَّلَ مَرَّةٍ کیونکہ جو کتم عدم سے انسان کو منصہ شہود پر جلوہ افگن کرسکتا ہے وہ فنا کے بعد بھی مکرر بقا کی نعمتوں سے بہرہ ور کرسکتا ہے ، ﴿وَهُوَ الَّذِي يَبْدَأُ الْخَلْقَ ثُمَّ يُعِيدُهُ وَهُوَ أَهْوَنُ عَلَيْهِ﴾۔ ﴿فَوَرَبِّكَ﴾سے مراد اللہ کی ربوبیت کو حشر کے لئے بطور ثبوت وبرہان کے پیش کرنا ہے یعنی اگر اس دنیا کا نظام کسی ربوبیت وقلم کا مرہون منت ہے ، تو پھر اس کا کھلا تقاضا یہ ہے کہ مکافات عمل کے لئے ایک الگ عالم کا وجود تسلیم کیا جائے جہاں کا قانون سب کے لئے قابل عمل ہو ، جہاں مظلوم کی فریاد سنی جائے ، اور ظالم کو سزا دی جائے ، جہاں سفارش اور سرمایہ داری کے تمام امتیازات اٹھ جائیں ، جہاں کمزور اور پاکباز انسانوں کو اللہ کے خلاف عدم مساوات کا گلہ نہ رہے ، اور جو ایسا مقام ہو کہ اس میں صرف اپنے اعمال زندگی ومسرت کا باعث ہو سکیں ، چنانچہ ارشاد ہے کہ ہم تمام منکرین اور مشرکین کو مع ان کے معبودان باطل کے جہنم کے گردا گرد جمع کریں گے پھر ان میں زیادہ سخت مجرمین کو چھانٹ لیں گے، اور دیکھیں گے کہ ان میں سے کون کون لوگ نار جحیم کے مستحق ہیں ، یعنی یہ سب باتیں قاعدہ اور تقسیم کے ماتحت ہوں گی ، ثم کا لفظ یہاں تراخی بیان کے لئے ہے۔