وَلَا تَنكِحُوا الْمُشْرِكَاتِ حَتَّىٰ يُؤْمِنَّ ۚ وَلَأَمَةٌ مُّؤْمِنَةٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكَةٍ وَلَوْ أَعْجَبَتْكُمْ ۗ وَلَا تُنكِحُوا الْمُشْرِكِينَ حَتَّىٰ يُؤْمِنُوا ۚ وَلَعَبْدٌ مُّؤْمِنٌ خَيْرٌ مِّن مُّشْرِكٍ وَلَوْ أَعْجَبَكُمْ ۗ أُولَٰئِكَ يَدْعُونَ إِلَى النَّارِ ۖ وَاللَّهُ يَدْعُو إِلَى الْجَنَّةِ وَالْمَغْفِرَةِ بِإِذْنِهِ ۖ وَيُبَيِّنُ آيَاتِهِ لِلنَّاسِ لَعَلَّهُمْ يَتَذَكَّرُونَ
مشرک عورتوں سے نکاح نہ کرو یہاں تک کہ وہ ایمان لے آئیں۔ ایمان دار لونڈی مشرکہ آزاد عورت سے بہتر ہے گو تمہیں مشرکہ اچھی لگتی ہو۔ اور نہ مشرکوں سے (اپنی عورتوں کا) نکاح کرو جب تک کہ وہ ایمان نہ لائیں۔ ایماندار غلام، آزاد مشرک سے بہتر ہے گو مشرک تمہیں اچھا لگے۔ یہ لوگ جہنم کی طرف بلاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے حکم سےجنت اور بخشش کی طرف بلاتا ہے۔ وہ اپنی آیات لوگوں کے لیے بیان کرتا ہے تاکہ لوگ نصیحت حاصل کریں
مشرکین سے رشتہ ناطہ ممنوع ہے : (ف1) مشرک اور مشرکہ کی اصطلاح قرآن حکیم میں غیر کتابی یا غیر الہامی قوموں میں ہے ، عیسائی بھی مشرک ہیں اور یہودی بھی لیکن قرآن حکیم نے ان سے رشتہ مناکحت کو جائزتصور فرمایا ہے (اس صورت میں کہ مرد مسلم ہو) اس کی ایک معقول وجہ ہے عام طور پر ازدواجی تعلقات وحدت خیال اور وحدت مذاق کو دوسری تمام ترجیحات سے ضروری قرار دیا جاتا ہے اور یہ اس لئے کہ اس کے بغیر یہ رشتہ قائم نہیں رہتا ، شادی کا مقصد ہی جب کامل سکون ہے اور بیوی کے معنی ہی یہ ہیں کہ اس کے ساتھ وابستہ ہو کر مرد تمام پریشانیوں کو بھول جائے جیسا کہ قرآن حکیم نے فرمایا ﴿لِتَسْكُنُوا إِلَيْهَا﴾تو ضروری ہے کہ جانبین زیادہ سے زیادہ حدتک خیالات اور رجحانات میں ہم آہنگ ہوں ۔ اہل کتاب اصولا توحید کے قائل ہیں ، کم از کم ان کی کتابوں میں تو ذکر ہے سلسلہ نبوت کو جانتے ہیں ، حشر ونشر پر ان کا اعتقاد ہے تمام انبیاء سے متعارف ہیں ، اس لئے وحدت خیال کے بہت سے موقع موجود ہیں ۔ اس لئے اسلام نے اجازت دے دی کہ ان سے ازدواجیات کے تعلقات ہو سکتے ہیں ۔ مگر مشرک مرد اور مشرک عورت کے مذاق، طبیعت اور خیالات میں زمین وآسمان کا فرق ہے ، اس لئے ان سے رشتہ ناطہ ممنوع ہے اور اس حد تک ممنوع ہے کہ مال ودولت یا حسن وجمال کی فراوانی بھی وجہ جواز نہیں بن سکتی ۔ قرآن حکیم نے فرمایا کہ ہوسکتا ہے کہ مشرک عورتیں تمہیں زیادہ جاذب اور خوبصورت معلوم ہوں یہ بھی ممکن ہے کہ مشرک مرد تمہیں زیادہ کامیاب اور فارغ البال نظر آئیں مگر اس لئے کہ روح کی خوبصورتی سے محروم ہیں اور دولت ایمان نہیں رکھتے ، یہ کسی طرح بھی مومن مرد اور مومن عورت کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔ اس قسم کے رشتے جن میں عقائد وخیالات کی چنداں پرواہ نہیں کی جاتی تربیت اولاد کے حق میں سخت مضر ثابت ہوتے ہیں بچے عام طور پر والدہ اور والد کے خیالات کے تابع ہوتے ہیں اور اگر وہ دیکھیں کہ دونوں ماں اور باپ مذہب کے اعتبار سے مختلف ہیں تو وہ کسی خاص خیال کو دل میں جگہ نہیں دیتے اور دہریت والحاد میں مبتلا ہوجاتے ہیں ۔ ﴿أُولَئِكَ يَدْعُونَ إِلَى النَّارِ﴾میں اس طرف بھی اشارہ ہے کہ رشتہ مناکحت بجائے خود ایک دعوت ہے اس لئے وہ لوگ جو کامل مسلمان نہیں ہیں ‘ عیسائی عورتوں سے حتی الوسع بچیں ، ایسا نہ ہو کہ وہ انہیں بھی عیسائیت کے سیلاب میں بہا کرلے جائیں اعاذنا اللہ ۔ حل لغات : أَمَةٌ: لونڈی ۔ باندی بندی ۔ عَبْدٌ: غلام خدا کا بندہ ۔