وَاصْبِرْ نَفْسَكَ مَعَ الَّذِينَ يَدْعُونَ رَبَّهُم بِالْغَدَاةِ وَالْعَشِيِّ يُرِيدُونَ وَجْهَهُ ۖ وَلَا تَعْدُ عَيْنَاكَ عَنْهُمْ تُرِيدُ زِينَةَ الْحَيَاةِ الدُّنْيَا ۖ وَلَا تُطِعْ مَنْ أَغْفَلْنَا قَلْبَهُ عَن ذِكْرِنَا وَاتَّبَعَ هَوَاهُ وَكَانَ أَمْرُهُ فُرُطًا
” اور اپنے آپ کو ان لوگوں کے ساتھ روکے رکھیں جو اپنے رب کو صبح شام یاد کرتے ہیں، اس کی رضا چاہتے ہیں، آپ کی آنکھیں ان سے آگے نہ بڑھیں کہ آپ دنیا کی زندگی کی زینت چاہتے ہو اور اس شخص کا کہنا مت مانیں جس کا دل ہم نے اپنی یاد سے غافل کردیا اور وہ اپنی خواہش کے پیچھے چلا اور اس کا معاملہ حد سے بڑھا ہوا ہے۔“
پیغمبر مساکین : (ف1) قرآن حکیم میں بعض باتیں بصیغہ امر ادا کی گئی ہیں ، مگر اس سے مراد خبر ہے ، اور ایک واقعہ کا اظہار ہے ، اور اس کی بہت سی مثالیں ہیں یہاں بھی بالکل یہی انداز بیان ہے ، بظاہر معلوم ہوتا ہے کہ حضور (ﷺ) شاید ان عام لوگوں میں اٹھنا بیٹھنا پسند نہ فرماتے تھے جو غریب اور مفلس تھے ، اور قرآن حکیم میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے آپ ان لوگوں کے ساتھ رہنے میں کوئی عار محسوس نہ کریں ، حالانکہ واقعہ بالکل اس کے خلاف ہے ، بات یہ ہے کہ حضور (ﷺ) ہمیشہ ابو ذر (رض) ، سلمان فارسی (رض) ، اور اس قسم کے غریب اور مخلص عقیدتمندوں میں بےتکلفی سے بیٹھتے ، اور انہی میں صبح وشام وقت گزارتے ، امراء کو یہ ناگوار تھا ، کہ وہ اس حالت میں آپ سے ملیں ، چنانچہ وہ کہتے کہ جناب ہم اس حلقے میں بیٹھ کر آپ سے گفتگو نہیں کرسکتے ، ان کے کپڑوں سے بو آرہی ہے ، اور ہماری طبیعت میں تکدر پیدا ہوتا ہے ، آپ بھی ان سے الگ ہوجائیے ، مگر وہ پیغمبر جو افلاس وفقر کو اعزاز بخشنے کے لئے آیا تھا ، کیونکر ان کی باتوں کو مان لیتا ، قرآن کی زبان میں ان کو بتایا گیا ، کہ گو یہ مفلس ہیں ، مگر دولت ایمان سے ان کے دل مالا مال ہیں ، ان کے کپڑوں سے گو تمہیں بو آتی ہے ، مگر دل ذکر خدا سے مہک رہے ہیں ، یہ مخلص ہیں ، خدا پرست ہیں ، تم انہیں حقیر سمجھو تمہیں اختیار ہے ، مگر قدرت کی جانب سے یہ طے شدہ امر ہے ، کہ یہی لوگ دنیا میں انقلاب پیدا کریں گے ، تم حرص وہوا کے بندے ہو ، تمہارے دلوں پر غفلت کے حجاب پڑے ہوئے ہیں ، تم اسلام کی برکات سے استفادہ نہیں کرسکتے ، تم جب تک دنیا کی ان کثافتوں میں پڑے ہوئے ہو ، صحبت نبوی (ﷺ) سے فیضاب نہیں ہو سکتے ، اور تم ہرگز اس قابل نہیں ہو کہ پیغمبر مخلص مساکین کو چھوڑ کو تم مغرور اور متکبر انسانوں کے ساتھ بیٹھے اٹھے ۔ حل لغات: بِالْغَدَاةِ وَالْعَشِيِّ: صبح وشام یعنی ہر وقت ۔ فُرُطًا: حد سے تجاوز کرنے والی بات ۔