سورة النحل - آیت 6

وَلَكُمْ فِيهَا جَمَالٌ حِينَ تُرِيحُونَ وَحِينَ تَسْرَحُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

”اور تمہارے لیے ان میں ایک جمال ہے، جب تم شام کو چرا کر لاتے ہو اور جب صبح کو چرانے کو لے جاتے ہو۔“

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

(ف2) ان آیات میں حیوانات کا ذکر ہے کہ کیونکر اللہ نے ان کو تمہارے لئے مفید بنایا ہے ، ان میں کس قدر تمہارے لئے منافع ہیں ۔ انداز بیان ان لوگوں کے لئے جو دیہاتی زندگی کی ضروریات سے آگاہ ہیں نہایت دلچسپ وجاذب ہے ۔ ﴿وَيَخْلُقُ مَا لَا تَعْلَمُونَ﴾میں ان بےشمار ایجادات نو کی جانب اشارہ ہے جو باربرداری اور سواری کے کام آسکتی ہیں اور جن سے بجائے حیوانات کام لیا جا سکتا ہے ۔ نزول قرآن کے وقت یہی گھوڑا ، گدھا ، اور اونٹ وغیرہ موجود تھے ، اس لئے ان کے منافع گنائے ہیں مگر چونکہ یہ کتاب تمام زمانوں کے لئے راہنما ہے ، اس لئے ارشاد فرمایا ، کچھ ایسے برتی اور غیر برتی حیوانات بھی ہیں ۔ جن کو اس وقت تم نہیں جانتے ۔ مگر آئندہ زمانے میں وہ ظاہر ہوں گے ۔ حل لغات : تَسْرَحُونَ: سرح کے معنی مطلق مال ڈھور کو چراگاہ میں چھوڑنے کے ہیں ۔