إِنَّا نَحْنُ نَزَّلْنَا الذِّكْرَ وَإِنَّا لَهُ لَحَافِظُونَ
” یقیناً ہم ہی نے قرآن نازل کیا ہے اور ہم اس کی ہر صورت حفاظت کرنے والے ہیں۔“
قرآن کیونکر محفوظ ہے ! (ف1) قرآن حکیم کا سب سے بڑا امتیاز یہ ہے کہ یہ محفوظ ہے اس کی زبان محفوظ ہے ، ادب محفوظ ہے ، ترجمہ ومعانی محفوظ ہیں ، مطالب ومقاصد محفوظ ہیں ، اور وہ تمام چیزیں محفوظ ہیں ، جو قرآن کے لئے ضروری ہیں ، قرآن کے الفاظ اس باب میں نہایت حکیمانہ ہیں ارشاد یہ نہیں ہے کہ قرآن محفوظ ہے بلکہ ذمہ داری یہ ہے کہ ” ذکر “ محفوظ رہے گا یعنی قرآن مع اسباب ر شدو ہدایت کے ، کیونکہ صرف قرآن کی حفاظت الفاظ وحروف کی صورت میں بےمعنی ہے ، جب تک قرآنی تہذیب وتمدن قرآنی مفہوم ومقصد قرآنی پیغام اور قرآنی عمل محفوظ نہ ہو ، الفاظ وحروف کا مجموعہ اگر محفوظ رہ جائے تو دنیا کے لئے مفید نہیں ہو سکتا ، جب تک کہ قرآن ناطق ، صحیفہ مجسم ، حضور والا صفات کی سیرت کے نقوش ہمارے سامنے نہ ہوں ، چنانچہ عجیب بات یہ ہے کہ قرآن کا حرف حرف سینوں میں مرتسم ہے ، حضور کی تمام ادائیں ضبط تحریر میں آچکی ہیں ، اور آج دنیا میں محفوظ اور غیر مشکوک پیغام کو اگر کوئی پیش کرسکتا ہے تو وہ اسلام کا نمائندہ ہے ۔