سورة ھود - آیت 27

فَقَالَ الْمَلَأُ الَّذِينَ كَفَرُوا مِن قَوْمِهِ مَا نَرَاكَ إِلَّا بَشَرًا مِّثْلَنَا وَمَا نَرَاكَ اتَّبَعَكَ إِلَّا الَّذِينَ هُمْ أَرَاذِلُنَا بَادِيَ الرَّأْيِ وَمَا نَرَىٰ لَكُمْ عَلَيْنَا مِن فَضْلٍ بَلْ نَظُنُّكُمْ كَاذِبِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اس کی قوم میں سے وہ سردار جنہوں نے کفر کیا کہتے کہ ہم تجھے نہیں دیکھتے مگر اپنے جیسا ایک انسان اور ہم تجھے نہیں دیکھتے کہ ان لوگوں کے سوا کسی نے تیری پیروی کی ہو جو ہم میں سے کم تر ہیں سرسری رائے کے ساتھ اور ہم تمہارے لیے اپنے آپ پر کوئی برتری نہیں دیکھتے بلکہ ہم تمہیں جھوٹا سمجھتے ہیں۔“

تفسیرسراج البیان - محممد حنیف ندوی

حضرت نوح (علیہ السلام) کی قوم کے دو اعتراض : (ف1) انبیاء کے متعلق یہ پرانا خیال ہے کہ انہیں فوق البشر ہونا چاہئے ، خلعت بشریت کو کسوت نبوت کے منافی قرار دینا قدیم سے شیوہ کفر وانکار رہا ہے ، یہ اعتراض بھی قدیم ہے کہ ابتداء دعوت کو لبیک کہنے والے غریب اور مفلس لوگ ہوتے ہیں چنانچہ حضرت نوح (علیہ السلام) نے جب قوم کو ہدایت کی جانب بلایا ، اور کہا کہ مسلک توحید پر گامزن ہوجاؤ ، ورنہ حق کے مقابلہ میں تم نپٹ نہیں سکو گے ، قدرت کا اٹل فیصلہ ہے کہ جو قومیں قانون فطرت کو نہ مانیں انہیں زندہ رہنے کا کوئی استحقاق نہیں ، قوم کے اکابر نے اس وعظ کو سنا ، اور نہایت شوخ چشمی سے کہا تم میں اور ہم میں امتیاز ہی کیا ہے ، تم بھی ایک ضرورت مندا انسان اور ہم بھی انسان نیز تمہیں اشراف قوم نے ٹھکرا دیا ہے ، بڑے بڑے لوگوں نے تمہاری اطاعت قبول نہیں کی ، کیا چند ذلیل لوگوں میں شامل ہونے کے لئے ہمیں دعوت دیتے ہو ، کیا ہم ایمان لا کر ان کی طرح ذلیل ہوجائیں ۔ بعد کی آیات میں ان دونوں اعتراضات کا مفصل جواب دیا ہے غور طلب بات یہ ہے کہ قرآن حکیم نے قوم نوح کے اعتراضات نقل کرکے حضور (ﷺ) کو آگاہ فرمایا ہے ، کہ جس طرح انسان کی حقیقت ایک ہے ، اسی طرح کفر بھی یکساں طور چلا آرہا ہے ، ابتدا سے لے کر اب تک کفار کی ذہنیت میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ، حل لغات : بَادِيَ الرَّأْيِ: اول فکر یعنی بظاہر ۔