سورة الصف - آیت 8

يُرِيدُونَ لِيُطْفِئُوا نُورَ اللَّهِ بِأَفْوَاهِهِمْ وَاللَّهُ مُتِمُّ نُورِهِ وَلَوْ كَرِهَ الْكَافِرُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

یہ لوگ اپنے منہ کی پھونکوں سے اللہ کے نور کو بجھانا چاہتے ہیں۔ اللہ کا فیصلہ ہے کہ وہ اپنے نور کو پھیلا کر رہے گا خواہ کافروں کے لیے یہ کتنا ہی ناگوار کیوں نہ ہو

تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری

یہ لوگ جو اپنے غلط دعویٰ کو بمقابلہ صداقت اسلام پیش کرنے میں یہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے نور کو اپنے مونہوں کی پھونکوں سے بھجا دیں جیسے تیل کا دیا منہ کی پھونک سے بجھ جاتا ہے اسی طرح ان کا خیال ہے کہ نور الٰہی (اسلام) بھی ان کے پروپیگنڈے سے بجھ جائے گا یہ خیال ان کا غلط ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ اپنا نور پورا کرے گا چاہے کافر لوگ برا جانیں ان کے برا جاننے سے کچھ نہ ہوگا