سورة الأحقاف - آیت 5
وَمَنْ أَضَلُّ مِمَّن يَدْعُو مِن دُونِ اللَّهِ مَن لَّا يَسْتَجِيبُ لَهُ إِلَىٰ يَوْمِ الْقِيَامَةِ وَهُمْ عَن دُعَائِهِمْ غَافِلُونَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
اس شخص سے زیادہ کون گمراہ ہوگا جو اللہ کو چھوڑ کر ان کو پکارتا ہے جو قیامت تک اس کی پکار کا جواب نہیں دے سکتے بلکہ وہ بلانے والوں کی پکار سے بے خبر ہیں۔
تفسیر ثنائی - ثنا اللہ امرتسری
اور اگر دلیل نقلی یا عقلی نہیں تو پھر بتائو کہ ایسے لوگوں سے کون زیادہ گمراہ ہے جو ایسے اہم معاملہ میں نفسانیت کریں اور بے ثبوت اللہ کے سوا ایسے لوگوں کو پکاریں اور دعائیں مانگیں جو قیامت تک بھی ان کی نہ سنیں بلکہ ان کی آواز سے بھی بے خبر ہوں ایسے لوگ واقعی سخت گمراہ ہیں اس گمراہی کا نتیجہ اس روز بھگتیں گے جب ان پر مصیبت کا زمانہ آئے گا اور کوئی ان کے حال سے نہ پوچھے گا