قَالُوا أَإِذَا مِتْنَا وَكُنَّا تُرَابًا وَعِظَامًا أَإِنَّا لَمَبْعُوثُونَ
یہ کہتے ہیں کیا جب ہم مر کر مٹی ہوجائیں گے اور ہماری ہڈیاں بوسیدہ ہوجائیں گی تو ہمیں اٹھایا جائے گا؟
(82۔83) یعنی یہ کہتے ہیں کہ جب ہم مر جائیں گے مٹی اور ہڈیاں ہوجائیں گے کیا ہم پھر اٹھائے جائیں گے نہیں نہیں یہ کیونکر ہوسکتا ہے یہ تو یونہی بناوٹی باتیں ہیں اس سے پہلے ہمیں اور ہمارے باپ دادا کو بھی ڈرائو سنایا گیا اور وعدہ دیا گیا مگر ہم تو اس کو اس سے زیادہ وقعت نہیں دے سکتے کہ یہ تو صرف پہلے لوگوں کے قصے میں اے نبی ! تو ان سے کہہ کہ کسی حقانی تعلیم کو یہ کہہ کر ٹال دینا کہ پہلے لوگوں کے قصے ہیں قرین دانشمندی نہیں پہلے لوگوں کے قصے اگر ہیں تو بطور تمثیل اصل مضمون سمجھانے کو ہیں۔ اصل مضمون تو بالکل مختصر لفظوں میں ہے کہ ؎ وہ مالک ہے سب آگے اس کے لاچار نہیں ہے کوئی اس کے گھر کا مختار