سورة الشمس - آیت 5

وَالسَّمَاءِ وَمَا بَنَاهَا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اور آسمان کی اور اس ذات کی قسم جس نے اسے بنایا ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿وَالسَّمَاءِ وَمَا بَنَاهَا﴾ ” اور آسمان کی اور جس نے اسے بنایا۔“ اس میں احتمال ہے کہ ماموصولہ ہو ، تب یہ قسم آسمان اور اس کے بنانے والے، یعنی اللہ تعالیٰ کی ہے۔ یہ بھی احتمال ہے کہ مامصدریہ ہو، تب قسم آسمان اور اس کے بنانے کی ہے جو مضبوطی ،مہارت اور خوبصورتی کے ساتھ بنانے پر قادر ہونے کی غایت وانتہا ہے ۔ اسی کے مانند اللہ تعالیٰ کا یہ ارشاد ہے : ﴿وَالْأَرْضِ وَمَا طَحَاهَا ﴾ ” اور زمین کی اور اس کی جس نے اسے پھیلایا۔ “ یعنی زمین کو پھیلایا اور اس کو وسعت عطا کی، تب اس وقت مخلوق اس سے ہر قسم کا فائدہ اٹھانے پر قادر ہوئی۔