رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِّلَّذِينَ كَفَرُوا وَاغْفِرْ لَنَا رَبَّنَا ۖ إِنَّكَ أَنتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ
اے ہمارے رب ہمیں کافروں کے لیے فتنہ نہ بنا۔ اے ہمارے رب ہمارے گناہوں سے درگزر فرما، بے شک تو ہی زبردست اور حکیم ہے
﴿رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَۃً لِّلَّذِیْنَ کَفَرُوْا﴾ یعنی اے ہمارے رب! ہمارے گناہوں کے سبب سے تو کفار کو ہم پر مسلط نہ کرنا ،ایسا نہ ہو کہ وہ ہمیں فتنے میں مبتلا کردیں اور ہمیں ان امور ایمان سے روک دیں جن پر عمل کرنے پر ہم قادر ہیں ۔وہ اپنے آپ کو بھی فتنے میں مبتلا کریں گے کیونکہ جب وہ دیکھیں گے کہ انہیں غلبہ حاصل ہے تو سمجھیں گے وہ حق پر ہیں اور ہم باطل پر ہیں اس طرح وہ کفر اور سرکشی میں اور زیادہ بڑھ جائیں گے۔ ﴿وَاغْفِرْ لَنَا﴾ ہم نے جن گناہوں اور برائیوں کا ارتکاب کیا ہے اور مامورات کی تعمیل میں ہم سے جو تقصیر سرزد ہوئی ہے، وہ ہمیں معاف کردے۔ ﴿رَبَّنَا اِنَّکَ اَنْتَ الْعَزِیْزُ﴾ ”اے ہمارے رب! بے شک تو (ہر چیز پر) غالب ہے۔“ ﴿ الْحَکِیْمُ﴾ جو تمام اشیا کو اپنے اپنے مقام پر رکھتا ہے، لہذا اپنی عزت وغلبے اور اپنی حکمت کے وسیلے سے ہمارے دشمنوں کے مقابلے میں ہماری مدد فرما، ہمارے گناہ بخش دے اور ہمارے عیوب کی اصلاح کر۔