سورة الحشر - آیت 16

كَمَثَلِ الشَّيْطَانِ إِذْ قَالَ لِلْإِنسَانِ اكْفُرْ فَلَمَّا كَفَرَ قَالَ إِنِّي بَرِيءٌ مِّنكَ إِنِّي أَخَافُ اللَّهَ رَبَّ الْعَالَمِينَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

ان کی مثال شیطان جیسی ہے کہ وہ پہلے انسان سے کہتا ہے کہ کفر کر اور جب انسان کفر کر بیٹھتا ہے تو وہ کہتا ہے کہ میں تجھ سے بری الذمہ ہوں مجھے تو اللہ رب العالمین سے ڈر لگتا ہے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

ان منافقین کی مثال ،جنہوں نے اپنے اہل کتاب بھائیوں کو دھوکے میں مبتلا کر رکھا ہے ﴿کَمَثَلِ الشَّیْطٰنِ اِذْ قَالَ لِلْاِنْسَانِ اکْفُرْ ﴾ ”شیطان کی سی ہے کہ وہ انسان سے کہتا رہتا ہے کہ کافر ہوجا۔“ یعنی شیطان نے انسان کے سامنے کفر کو مزین کرکے خوبصورت بنادیا اور اسے کفر کی طرف دعوت دی۔ جب انسان نے دھوکے میں مبتلا ہو کر کفر کا ارتکاب کیا اسے بدبختی حاصل ہوئی تو شیطان اس کے کسی کام نہ آیا جس نے اسکی سرپرستی کی تھی اور کفر کی طرف دعوت دی تھی بلکہ شیطان نے اس سے برات کا اظہار کیا اور ﴿قَالَ اِنِّیْ بَرِیْءٌ مِّنْکَ اِنِّیْٓ اَخَافُ اللّٰہَ رَبَّ الْعٰلَمِیْنَ﴾ ”کہا کہ میں تجھ سے بری الذمہ ہوں ،میں تو اللہ رب العالمین سے ڈرتا ہوں۔“ یعنی مجھے تجھ سے عذاب کو دور ہٹانے کی کوئی قدرت اور اختیار حاصل نہیں ،میں ذرہ بھر بھلائی کے لیے تیرے کوئی کام نہیں آسکتا۔