سورة الحديد - آیت 5
لَّهُ مُلْكُ السَّمَاوَاتِ وَالْأَرْضِ ۚ وَإِلَى اللَّهِ تُرْجَعُ الْأُمُورُ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
وہی زمین اور آسمانوں کی بادشاہی کا مالک ہے اور فیصلے کے لیے تمام معاملات اسی کی طرف لٹائے جاتے ہیں۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿لَہٗ مُلْکُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ﴾ ملکیت، تخلیق اور عبدیت کے اعتبار سے آسمانوں اور زمین کی ہر چیز اسی کی ہے، وہ اپنے اوامر کونی و قدری اور اوامر شرعی جو حکمت ربانی کے مطابق جاری و ساری ہیں، کے ذریعے سے ان میں جو چاہتا ہے تصرف کرتا ہے۔۔﴿ وَاِلَی اللّٰہِ تُرْجَعُ الْاُمُوْرُ ﴾تمام اعمال اور عمل کرنے والے اللہ تعالیٰ ہی کی طرف لوٹائے جائیں گے۔ بندے اس کے سامنے پیش کیے جائیں گے، پس وہ پاک اور ناپاک کو علیحدہ علیحدہ کر دے گا، وہ نیکوکار کو اس کی نیکی کا اور بدکار کو اس کی بدی کا بدلہ دے گا۔