سورة الجاثية - آیت 20

هَٰذَا بَصَائِرُ لِلنَّاسِ وَهُدًى وَرَحْمَةٌ لِّقَوْمٍ يُوقِنُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

یہ بصیرت کی باتیں سب لوگوں کے لیے ہیں اور ہدایت اور رحمت ان لوگوں کے لیے ہے جو یقین رکھتے ہیں۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ هَـٰذَا ﴾ یعنی یہ قرآن کریم اور ذکر حکیم ﴿بَصَائِرُ لِلنَّاسِ﴾ ” بصیرتیں ہیں لوگوں کے لئے۔“ یعنی اس کے ذریعے سے لوگوں کو تمام امور میں بصیرت حاصل ہوتی ہے اور اہل ایمان اس سے فائدہ حاصل کرتے ہیں اور یہ قرآن ہدایت اور رحمت ہے ﴿ لِّقَوْمٍ يُوقِنُونَ﴾ ” یقین رکھنے والوں کے لئے“ پس وہ اس کے ذریعے سے دین کے اصول و فروع میں صراط مستقیم کی طرف راہنمائی حاصل کرتے ہیں اور وہ دنیا و آخرت میں بھلائی، مسرت اور سعادت سے بہرہ مند ہوتے ہیں اور یہ رحمت ہے، پس اس سے ان کے نفس پاک ہوتے ہیں، اس سے ان کی عقل میں اضافہ ہوتا ہے اور اس سے ان کا ایمان و یقین بڑھتا ہے اور اس پر حجت قائم ہوتی ہے، جو گمراہی پر اصرار کرتا اور عناد سے کام لیتا ہے۔