وَلَمَنِ انتَصَرَ بَعْدَ ظُلْمِهِ فَأُولَٰئِكَ مَا عَلَيْهِم مِّن سَبِيلٍ
اور جو لوگ ظلم ہونے کے بعد بدلہ لیں انہیں ملامت نہیں کی جا سکتی
﴿وَلَمَنِ انتَصَرَ بَعْدَ ظُلْمِهِ﴾ جو ظلم کے وقوع کے بعد ظلم کرنے والے سے بدلہ لیتا ہے ﴿فَأُولَـٰئِكَ مَا عَلَيْهِم مِّن سَبِيلٍ﴾ تو یہی وہ لوگ ہیں جن پر بدلہ لینے میں کوئی گناہ نہیں۔ اللہ تعالیٰ کا ارشاد : ﴿ وَالَّذِينَ إِذَا أَصَابَهُمُ الْبَغْيُ﴾ اور اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے ﴿وَلَمَنِ انتَصَرَ بَعْدَ ظُلْمِهِ﴾ دلالت کرتے ہیں کہ ظلم و زیادتی کے وقوع کے بعد بدلہ لینا ضروری ہے۔ رہا کسی پر ظلم اور زیادتی کا ارادہ کرنا جبکہ ابھی اس سے ظلم و زیادتی واقع نہیں ہوئی تو اسے وہ سزا تو نہیں دی جائے گی جو جرم کے ارتکاب پر دی جاتی ہے، البتہ اس کو تادیبی سزا ضرور دی جائے گی جو اسے اس قول و فعل سے باز رکھ سکے جو اس سے صادر ہوا ہے۔