سورة فصلت - آیت 38

فَإِنِ اسْتَكْبَرُوا فَالَّذِينَ عِندَ رَبِّكَ يُسَبِّحُونَ لَهُ بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَهُمْ لَا يَسْأَمُونَ ۩

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اگر یہ لوگ غرور میں آکر اپنی بات پر اڑے رہے تو تیرے رب کے جو مقرب فرشتے ہیں وہ شب وروز اس کی تسبیح کر رہے ہیں اور کبھی نہیں تھکتے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿فَإِنِ اسْتَكْبَرُوا﴾ اگر وہ تکبر و ستکبار کی بنا پر اللہ تعالیٰ کی عبادت نہ کریں اور اللہ تعالیٰ کی آیات وبراہین کے سامنے سرتسلیم خم نہ کریں تو وہ اللہ تعالیٰ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتے، اللہ ان سے بے نیاز ہے۔ اللہ تعالیٰ کے کچھ مکرم بندے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کو جو حکم دیتا ہے وہ اس کی نافرمانی نہیں کرتے اور ان کو جو حکم دیا جاتا ہے وہ اس کی تعمیل کرتے ہیں اس لیے فرمایا: ﴿ فَالَّذِينَ عِندَ رَبِّكَ ﴾’’پس جو تیرے رب کے پاس ہیں یعنی مقرب فرشتے“﴿يُسَبِّحُونَ لَهُ بِاللَّيْلِ وَالنَّهَارِ وَهُمْ لَا يَسْأَمُونَ ﴾وہ دن رات اس کی تسبیح بیان کرتے ہیں اور وہ تھکتے نہیں۔‘‘ یعنی وہ اللہ تعالیٰ کی عبادت سے اکتاتے نہیں کیونکہ وہ نہایت طاقتور ہوتے ہیں۔ ان کے اندر عبادت کا داعیہ بھی نہایت قوی ہوتا ہے۔