سورة فصلت - آیت 13

فَإِنْ أَعْرَضُوا فَقُلْ أَنذَرْتُكُمْ صَاعِقَةً مِّثْلَ صَاعِقَةِ عَادٍ وَثَمُودَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اگر یہ لوگ منہ موڑتے ہیں تو ان سے فرمائیں کہ میں تم کو اسی طرح کے عذاب سے ڈراتا ہوں جیسا عاد اور ثمود پر آیا تھا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

یعنی اگر یہ مکذبین اس کے باوجود بھی اعراض کریں، حالانکہ ان کے سامنے قرآن کے اوصاف حمیدہ اور رب عظیم کی صفات جلیلہ بیان کی جا چکی ہے ﴿فَقُلْ أَنذَرْتُكُمْ صَاعِقَةً﴾ تو کہہ دیجئے: میں تمہیں ایسی کڑک سے ڈراتا ہوں“ جو کہ عذاب ہے وہ تمہاری جڑ کاٹ کر رکھ دے ﴿مِّثْلَ صَاعِقَةِ عَادٍ وَثَمُودَ﴾ ” جیسی کڑک قوم عاد اور ثمود پر گری تھی۔‘‘ عاد اور ثمودیہ دو معروف قبیلے تھے، ان پر ٹوٹنے والے عذاب نے ان کو ملیا میٹ کرکے رکھ دیا تھا اور انہیں سخت سزا دی گئی، یہ سب کچھ ان کے ظلم اور کفر کے باعث تھا۔