سورة غافر - آیت 40

مَنْ عَمِلَ سَيِّئَةً فَلَا يُجْزَىٰ إِلَّا مِثْلَهَا ۖ وَمَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَٰئِكَ يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ يُرْزَقُونَ فِيهَا بِغَيْرِ حِسَابٍ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

جو برائی کرے گا اس کو اتنی ہی سزا ملے گی جتنی اس نے برائی کی ہوگی، اور جو ایماندار نیک عمل کرے گا وہ مرد ہو یا عورت وہ جنت میں داخل ہوں گے جنت میں انہیں بے حساب رزق دیا جائے گا

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿مَنْ عَمِلَ سَيِّئَةً ﴾ ” جو شخص برائے کرے گا“ جس نے شرک، فسق یا معصیت کا ارتکاب کیا ﴿فَلَا يُجْزَىٰ إِلَّا مِثْلَهَا﴾ ” اسے ویسا ہی بدلہ ملے گا۔“ یعنی اللہ تعالیٰ اسے صرف اسی کی سزا دے گا جو اس نے برائی کی ہے اور اسی قدر اس کو عذاب دے گا جس قدر اس نے برائی کی ہے کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ہاں برائی کا بدلہ برائی ہے۔ ﴿ وَمَنْ عَمِلَ صَالِحًا مِّن ذَكَرٍ أَوْ أُنثَىٰ﴾ ” اور جو نیک کام کرے گا مرد ہو یا عورت“ یعنی اعمال قلوب، اعمال جوارح اور اقوال لاسن میں سے ﴿وَهُوَ مُؤْمِنٌ فَأُولَـٰئِكَ يَدْخُلُونَ الْجَنَّةَ يُرْزَقُونَ فِيهَا بِغَيْرِ حِسَابٍ ﴾ ” اور وہ مومن ہو، تو ایسے لوگ بہشت میں داخل ہوں گے، وہاں انہیں بے حساب رزق دیا جائے گا۔“ یعنی ان کو بلا حد و حساب اجر عطا کیا جائے گا، بلکہ اللہ تعالیٰ انہیں اتنا اجر عطا کرے گا کہ ان کے اعمال وہاں تک پہنچ ہی نہیں سکتے۔