الَّذِينَ كَفَرُوا لَهُمْ عَذَابٌ شَدِيدٌ ۖ وَالَّذِينَ آمَنُوا وَعَمِلُوا الصَّالِحَاتِ لَهُم مَّغْفِرَةٌ وَأَجْرٌ كَبِيرٌ
جن لوگوں نے کفر کیا ان کے لیے سخت ترین عذاب ہے اور جو ایمان لائے اور نیک عمل کرتے رہے ان کے لیے مغفرت اور بڑا اجر ہے۔
پھر اللہ تبارک و تعالیٰ نے بیان فرمایا کہ لوگ شیطان کی اطاعت اور عدم اطاعت سے دو گروہوں میں منقسم ہیں، پھر ہر گروہ کی سزا و جزا کا تذکرہ کیا، فرمایا : ﴿الَّذِينَ كَفَرُوا ﴾ یعنی وہ لوگ جنہوں نے رسولوں کی دعوت اور ان چیزوں کا انکار کیا جن پر کتبہ الٰہیہ دلالت کرتی تھیں ﴿لَهُمْ عَذَابٌ شَدِيدٌ﴾ ان کے لئے جہنم کی آگ میں سخت عذاب ہے۔ یہ عذاب اپنی ذات و صفات کے اعتبار سے نہایت سخت عذاب ہوگا جہاں وہ ابدالآباد تک رہیں گے۔ ﴿وَالَّذِينَ آمَنُوا﴾ اور جو اپنے دل سے ان امور پر ایمان لائے جن پر ایمان لانے کی اللہ تعالیٰ نے دعوت دی ہے۔ ﴿وَعَمِلُوا ﴾ پھر انہوں نے اس ایمان کے تقاضوں کے مطابق عمل کئے ﴿ الصَّالِحَاتِ لَهُم مَّغْفِرَةٌ ﴾ ” نیک تو ان کے لئے (ان کے گناہوں کی) مغفرت ہے۔“ اس مغفرت کی بنا پر ان سے ہر قسم کا شر اور برائی دور ہوجائے گی۔ ﴿وَأَجْرٌ كَبِيرٌ﴾ ” اور بڑا اجر ہے“ جس کے ذریعے سے انہیں اپنا مطلوب و مقصو حاصل ہوگا۔