سورة سبأ - آیت 47

قُلْ مَا سَأَلْتُكُم مِّنْ أَجْرٍ فَهُوَ لَكُمْ ۖ إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَى اللَّهِ ۖ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدٌ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اِن سے فرما دیں اگر میں نے تم سے کوئی صلہ مانگا ہے تو وہ تمہیں ہی مبارک ہو۔ میرا اجر تو اللہ کے ذمہ ہے اور وہ ہر چیز پر گواہ ہے

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ قُلْ مَا سَأَلْتُكُم مِّنْ أَجْرٍ﴾ ” کہہ دیجیے میں تم سے کوئی اجر نہیں مانگتا۔“ یعنی تمہارے حق کی اتباع کرنے پر ﴿فَهُوَ لَكُمْ﴾ یعنی میں تمہیں گواہ کر کے کہتا ہوں کہ بفرض محال، اگر دعوت حق کی کوئی اجرت ہے، تو وہ اجرت تمہارے لئے ہے۔ ﴿إِنْ أَجْرِيَ إِلَّا عَلَى اللّٰـهِ وَهُوَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ شَهِيدٌ﴾ ” میرا اجر اللہ ہی کے ذمے ہے اور وہ ہر چیز پر گواہ ہے۔“ یعنی اس کا علم اس چیز کا احاطہ کئے ہوئے ہے جس کی طرف میں تمہیں دعوت دیتا ہوں۔ اگر میں جھوٹا ہوتا تو وہ عذاب کے ذریعے سے میری گرفت کرتا، نیز وہ تمہارے اعمال کو بھی دیکھتا ہے، وہ ان کو محفوظ رکھے گا اور تمہیں ان اعمال کی جزا دے گا۔