سورة الأحزاب - آیت 30

يَا نِسَاءَ النَّبِيِّ مَن يَأْتِ مِنكُنَّ بِفَاحِشَةٍ مُّبَيِّنَةٍ يُضَاعَفْ لَهَا الْعَذَابُ ضِعْفَيْنِ ۚ وَكَانَ ذَٰلِكَ عَلَى اللَّهِ يَسِيرًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اے نبی کی بیویو! تم میں سے جس کسی نے فحش حرکت کا ارتکاب کیا اسے دوہرا عذاب دیا جائے گا۔ سزا دینا اللہ کے لیے بہت آسان ہے۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

جب ازواج مطہرات رضی اللہ عنہن نے اللہ، اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اور آخرت کو چن لیا تو اللہ تعالیٰ نے ان کے کئی گنا اجر کا ذکر فرمایا اور ساتھ ہی یہ بھی ذکر کردیا کہ ان کے گناہوں کی سزا بھی کئی گنا ہوگی تاکہ وہ گناہوں سے بچیں اور اجر پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں اور اگر ان میں سے کوئی فحش کام کا ارتکاب کرے تو اللہ تعالیٰ نے اس کے لیے دو گنا عذاب مقرر فرمایا ہے۔