سورة لقمان - آیت 18
وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ وَلَا تَمْشِ فِي الْأَرْضِ مَرَحًا ۖ إِنَّ اللَّهَ لَا يُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
اور لوگوں سے منہ پھیر کر بات نہ کر نہ زمین میں اکڑ کر چل ” اللہ“ کسی متکبر اور فخر کرنے والے کو پسند نہیں کرتا۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
﴿ وَلَا تُصَعِّرْ خَدَّكَ لِلنَّاسِ﴾ ” تو اپنے آپ کو بڑا سمجھتے ہوئے تکبر کے ساتھ، لوگوں سے منہ نہ پھیر“ ﴿وَلَا تَمْشِ فِي الْأَرْضِ مَرَحًا﴾ اور انعام کرنے والی ہستی کو فراموش کرکے، اس کی نعمتوں پر فخر کرتے ہوئے خود پسندی کے ساتھ اتراتا ہوا زمین پر مت چل ﴿إِنَّ اللّٰـهَ لَا يُحِبُّ كُلَّ مُخْتَالٍ فَخُورٍ﴾ ” یقیناً اللہ کسی، خود پسند سے محبت نہیں کرتا“ جو اپنے آپ میں، اپنی ہیئت میں تکبر کرتا ہے۔ ﴿ فَخُورٍ ﴾ یعنی جو اپنی باتوں میں فخر کا اظہار کرتا ہے۔