سورة النمل - آیت 49

قَالُوا تَقَاسَمُوا بِاللَّهِ لَنُبَيِّتَنَّهُ وَأَهْلَهُ ثُمَّ لَنَقُولَنَّ لِوَلِيِّهِ مَا شَهِدْنَا مَهْلِكَ أَهْلِهِ وَإِنَّا لَصَادِقُونَ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

انہوں نے آپس میں کہا اللہ کی قسم کھا کر عہد کر وکہ ہم صالح اور اس کے گھر والوں پر شبخون ماریں گے اور پھر اس کے وراثوں سے کہیں گے کہ ہم اس کے خاندان کی ہلاکت کے موقع پر موجود نہیں تھے اور ہم بالکل سچ کہتے ہیں۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

وہ اسی بری حالت میں رہے حتیٰ کہ ان کی عداوت یہاں تک پہنچ گئی ﴿ تَقَاسَمُوا ﴾ ” انہوں نے آپس میں ایک دوسرے کو قسم دے کر کہا“ ﴿لَنُبَيِّتَنَّهُ وَأَهْلَهُ﴾ ” ہم رات کو اس پر اور اس کے گھر والوں پر شب خون ماریں گے“ یعنی ہم رات کے وقت اس کے اور اس کے اہل خانہ کے پاس آئیں گے اور انہیں قتل کردیں گے ﴿ثُمَّ لَنَقُولَنَّ لِوَلِيِّهِ ﴾ ” پھر ہم اس کے وارث کو کہہ دیں گے“ جب وہ کھڑا ہو کر ہمارے خلاف قتل کا دعویٰ کرے تو ہم حلف اٹھا کر اس کا انکار کردیں گے اور کہیں گے ﴿مَا شَهِدْنَا مَهْلِكَ أَهْلِهِ وَإِنَّا لَصَادِقُونَ﴾ ” ہم اس کے اہل کی ہلاکت کے وقت موجود نہیں تھے اور ہم سچے ہیں“ پس انہوں نے اس پر ایکا کرلیا