وَاجْعَل لِّي لِسَانَ صِدْقٍ فِي الْآخِرِينَ
اور میرے بعد آنے والوں میں مجھے سچی شہرت عطا فرما۔ (٨٤)
﴿وَاجْعَل لِّي لِسَانَ صِدْقٍ فِي الْآخِرِينَ﴾ ” اور میرا ذکر خیر پچھلے لوگوں میں بھی باقی رکھ۔“ یعنی مجھے سچی مدح و ثناعطا کر جو ہمیشہ قائم رہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ کی دعا قبول فرما لی اور آپ کو علم و حکمت سے سرفراز فرمایا جس کی بنا پر وہ تمام انبیاء و مرسلین پر فضیلت لے گئے۔ اللہ تعالیٰ نے ان کو انبیاء و مرسلین کے گروہ میں شامل کیا، آپ کو اپنا محبوب و مقبول بندہ بنایا۔ ہرآن تمام اقوام و ملل میں آپ کو عظمت اور مدح و ثنا عطاء کی۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا : ﴿وَتَرَكْنَا عَلَيْهِ فِي الْآخِرِينَ سَلَامٌ عَلَىٰ إِبْرَاهِيمَ كَذٰلِكَ نَجْزِي الْمُحْسِنِينَ إِنَّهُ مِنْ عِبَادِنَا الْمُؤْمِنِينَ﴾ (الصفت : 38؍108۔ 111) ” اور ہم نے آپ کی مدح و توصیف بعد میں آنے والی نسلوں میں چھوڑی، سلام ہو ابراہیم پر، ہم اپنے نیک بندوں کو ایسا ہی بدلہ دیا کرتے ہیں بے شک وہ ہمارے مومن بندوں میں تھا۔ “