سورة الفرقان - آیت 68

وَالَّذِينَ لَا يَدْعُونَ مَعَ اللَّهِ إِلَٰهًا آخَرَ وَلَا يَقْتُلُونَ النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللَّهُ إِلَّا بِالْحَقِّ وَلَا يَزْنُونَ ۚ وَمَن يَفْعَلْ ذَٰلِكَ يَلْقَ أَثَامًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” وہ اللہ کے سوا کسی اور معبود کو نہیں پکارتے، اللہ کی حرام کی ہوئی کسی جان کو ناحق قتل نہیں کرتے اور نہ وہ زنا کے مرتکب ہوتے ہیں جو یہ کام کرے گا وہ اپنے گناہ کی سزا پائے گا۔ (٦٨)

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

﴿ وَالَّذِينَ لَا يَدْعُونَ مَعَ اللّٰـهِ إِلَـٰهًا آخَرَ ﴾ ” اور وہ جو اللہ کے ساتھ کسی اور معبود کو نہیں پکارتے۔“ بلکہ وہ دین کو اللہ تعالیٰ کے لئے خالص کرکے غیر اللہ سے منہ موڑ کر یکسوئی کے ساتھ اس کی طرف توجہ کرتے ہوئے صرف اسی کی عیادت کرتے ہیں ﴿ وَلَا يَقْتُلُونَ النَّفْسَ الَّتِي حَرَّمَ اللّٰـهُ ﴾ ” اور جس جان کا مار ڈالنا اللہ نے حرام قرار دیا ہے اس کو قتل نہیں کرتے۔“ اس سے مراد مسلمان اور معاہد کافر ہے ﴿ إِلَّا بِالْحَقِّ ﴾ ” مگر جائز طریق پر۔ ” مثلاً قتل کے قصاص میں قتل کرنا، شادی شدہ زانی کو زنا کی پاداش میں قتل کرنا اور اس کافر کو قتل کرنا جس کو قتل کرنا جائز ہو۔ ﴿ وَلَا يَزْنُونَ ﴾ ” اور وہ زنا نہیں کرتے۔“ بلکہ وہ اپنی شرم گاہوں کی حفاظت کرتے ہیں ﴿ إِلَّا عَلَىٰ أَزْوَاجِهِمْ أَوْ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُهُمْ ﴾ (المومنون : 23؍6) ” سوائے اپنی بیویوں کے اور ان عورتوں کے جو ان کی ملکیت میں ہوں۔“ ﴿ وَمَن يَفْعَلْ ذٰلِكَ ﴾ ” اور جو یہ کام کرے گا۔“ یعنی جو کوئی شرک اور زنا کا ارتکاب کرے گا اور ناحق قتل کرے گا تو عن قریب ﴿ يَلْقَ أَثَامًا ﴾ ” وہ گناہ کا بدلہ پائے گا۔ “