سورة الكهف - آیت 108
خَالِدِينَ فِيهَا لَا يَبْغُونَ عَنْهَا حِوَلًا
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
جن میں وہ ہمیشہ رہیں گے اور اس سے نکلنے کی کبھی خواہش نہیں کریں گے۔“ (١٠٨)
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
اللہ تعالیٰ کا فرمان : ﴿خَالِدِينَ فِيهَا ﴾ ” وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے“ یہ تکمیل نعمت ہے۔ جنت میں کامل نعمتیں عطا ہوں گی اور ان نعمتوں کی تکمیل یہ ہے کہ وہ کبھی منقطع نہیں ہوں گی۔ ﴿ لَا يَبْغُونَ عَنْهَا حِوَلًا﴾ ” نہیں چاہیں گے وہ وہاں سے جگہ بدلنی“ یعنی وہ ان نعمتوں سے منتقل ہونا نہیں چاہیں گے کیونکہ وہ صرف اسی چیز کی طرف دیکھیں گے جو انہیں پسند آئے اور اچھی لگے، جس سے وہ خوش ہوں اور فرحت حاصل کریں اور اس سے بڑھ کر انہیں کوئی نعمت نظر نہیں آئے گی جس سے وہ لطف اندوز ہو رہے ہوں گے۔