سورة الكهف - آیت 95

قَالَ مَا مَكَّنِّي فِيهِ رَبِّي خَيْرٌ فَأَعِينُونِي بِقُوَّةٍ أَجْعَلْ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَهُمْ رَدْمًا

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

اس نے کہا جو کچھ میرے رب نے مجھے عطا کر رکھا ہے وہ کافی ہے تم بس مجھے افرادی قوت مہیا کرو۔ میں تمہارے اور ان کے درمیان بند بنائے دیتاہوں۔

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

چنانچہ ذوالقرنین نے ان سے کہا : ﴿مَا مَكَّنِّي فِيهِ رَبِّي خَيْرٌ ﴾ ” مجھے میرے رب نے جو قوت عطا کی ہے، وہ بہتر ہے“ یعنی جو بھلائی مجھے اللہ تعالیٰ نے عطا کی ہے وہ اس سے بہتر ہے جو تم مجھے عطا کرنا چاہتے ہو۔ البتہ میں چاہتا ہوں کہ تم افرادی قوت اور اپنے ہاتھوں کے ذریعے سے میری مدد کرو۔ ﴿ أَجْعَلْ بَيْنَكُمْ وَبَيْنَهُمْ رَدْمًا ﴾ ” میں بنا دیتا ہوں تمہارے اور ان کے درمیان ایک موٹی دیوار“ یعنی میں ایسی رکاوٹ تعمیر کئے دیتا ہوں جسے وہ عبور کر کے تم پر حملہ آور نہیں ہوسکیں گے۔