سورة الرعد - آیت 32

وَلَقَدِ اسْتُهْزِئَ بِرُسُلٍ مِّن قَبْلِكَ فَأَمْلَيْتُ لِلَّذِينَ كَفَرُوا ثُمَّ أَخَذْتُهُمْ ۖ فَكَيْفَ كَانَ عِقَابِ

ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل

” اور بلاشبہ یقیناً آپ سے پہلے کئی رسولوں کا مذاق اڑایا گیا تو میں نے ان لوگوں کو مہلت دی جنہوں نے کفر کیا پھر میں نے انہیں پکڑلیا پھر میرا عذاب کیسا تھا۔“

تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی

اللہ تبارک وتعالیٰ اپنے رسول اللہ ﷺ کوثبات کی تلقین کرتے اور تسلی دیتے ہوئے فرمایا : ﴿وَلَقَدِ اسْتُهْزِئَ بِرُسُلٍ مِّن قَبْلِكَ﴾”اور ٹھٹھا کیاگیا آپ سے پہلے کتنے رسولوں کے ساتھ”یعنی آپ پہلے رسول نہیں ہیں جس کی تکذیب کی گئی اور جسے ایذا پہنچائی گئی ہو، ﴿فَأَمْلَيْتُ لِلَّذِينَ كَفَرُوا  ﴾ ” پس میں نے کافروں کو ڈھیل دی“ یعنی جنہوں نے اپنے رسولوں کا انکار کیا، میں نے ایک مدت تک ان کو مہلت دی حتیٰ کہ وہ اس گمان باطل میں مبتلا ہوگئے کہ ان کو عذاب نہیں دیا جائے گا ﴿ثُمَّ أَخَذْتُهُمْ ﴾ ” پھر میں نے انکو ﴿مختلف قسم کے عذاب کے ذریعے سے﴾ پکڑلیا“ ﴿فَكَيْفَ كَانَ عِقَابِ ﴾ ” پس کیسا تھا میرا عقاب؟“ اللہ تعالیٰ کی سزا بڑی سخت اور اس کا عذاب بڑا دردناک ہے۔ وہ لوگ جو آپ کو جھٹلاتے ہیں اور آپ کا تمسخر اڑاتے ہیں، ہماری دی ہوئی مہلت سے دھوکے میں مبتلا نہ ہوں، ان کے سامنے ان سے پہلے گزری ہوئی قوموں کا نمونہ موجود ہے، لہٰذا انہیں ڈرنا چاہیے کہ کہیں ان کے ساتھ بھی وہی سلوک نہ کیا جائے جو گزشتہ نافرمان قوموں کے ساتھ کیا گیا۔