سورة الانفال - آیت 9
إِذْ تَسْتَغِيثُونَ رَبَّكُمْ فَاسْتَجَابَ لَكُمْ أَنِّي مُمِدُّكُم بِأَلْفٍ مِّنَ الْمَلَائِكَةِ مُرْدِفِينَ
ترجمہ فہم القرآن - میاں محمد جمیل
” جب تم اپنے رب سے مدد مانگ رہے تھے تو اس نے تمہاری دعا قبول کی کہ میں ایک ہزار فرشتوں کے ساتھ تمہاری مدد کرنے والاہوں جو یکے بعد دیگرے آنے والے ہیں۔
تفسیر السعدی - عبدالرحمٰن بن ناصر السعدی
یعنی اللہ تعالیٰ کی نعمت کو یاد کرو کہ جب اس نے دشمنوں کے ساتھ تمہاری مڈ بھیڑ کو یقینی اور قریب کردیا، تو تم نے اپنے رب کو مدد کے لئے پکارا اور اس سے اعانت اور نصرت کے طلب گار ہوئے۔﴿ فَاسْتَجَابَ لَكُمْ﴾ ” پس اس نے تمہاری پکار کا جواب دیا“ اور متعدد امور کے ساتھ تمہاری مدد فرمائی، مثلاً اللہ تعالیٰ نے تمہاری مدد کے لئے فرشتوں کو بھیجا ﴿بِأَلْفٍ مِّنَ الْمَلَائِكَةِ مُرْدِفِينَ ﴾” ہزار فرشتے لگاتار آنے والے“ یعنی وہ پے در پے ایک دوسرے کے پیچھے آرہے تھے۔